آزاد کشمیر کے عوام اپنی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے جماعت اسلامی کو ووٹ دیں ، سراج الحق

باغ : جماعت اسلامی کے سابق امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ غریب عوام کو عدل، تعلیم اور علاج جیسی بنیادی سہولیات سے محروم کرنے والوں کو مزید ووٹ دے کر اسمبلیوں میں نہ بھیجا جائے۔ ظلم اور استحصالی نظام کے خلاف جدوجہد کرنا جہادِ اکبر ہے۔

انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ وسطی باغ کے زیر اہتمام “بدلو نظام کنونشن” سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انگریزوں کے دیے ہوئے نظام اور اس کی وفادار قیادت نے کرپشن کو حلال قرار دے کر قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا۔

یہ بھی پڑھیں:آئندہ انتخابات ، آزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ڈاکٹر مشتاق

آزاد کشمیر اور پاکستان کے حکمرانوں کے معدے نہیں بلکہ “کرش مشینیں” ہیں جو قومی وسائل ہڑپ کر رہی ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے جماعت اسلامی کو ووٹ دیں تاکہ اللہ کا دیا ہوا نظام نافذ اور غالب ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان پر آج بھی انگریزوں کے وفادار خاندان مسلط ہیں، جو باریاں لگا کر ملک کو لوٹتے رہے اور اب مل کر لوٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ نے یزیدی نظام کے خلاف قربانی دے کر یہ مثال قائم کی کہ ظلم کے آگے جھکنا نہیں چاہیے۔ آج کا نظام یزیدی نظام سے بھی بدتر ہے اور اس کے خلاف جدوجہد فرض بلکہ جہادِ اکبر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی کا آزادکشمیر کے نوجوانوں کیلئے 4ارب کا بنو قابل پروگرام شروع کرنے کا اعلان

اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی ازاد کشمیر عبدالرشید ترابی، قاضی ساجد چغتائی اور مولانا ہدایت اللہ سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

عبدالرشید ترابی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صرف چہرے بدلنے سے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی سے حقیقی تبدیلی آئے گی۔ جماعت اسلامی نے بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور عوام کو جماعت اسلامی پر اعتماد کرنا چاہیے۔

Scroll to Top