کوٹلی :وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم مکمل میرٹ پر کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے بنائی گئی نئی کمیٹی جلد اپنی سفارشات قائد مسلم لیگ ن کو پیش کریگی، کمیٹی کا سربراہ میں خود ہوں۔
صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے انہیں کوئی معلومات نہیں، تاہم آئینی ترامیم آتی رہتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایکشن کمیٹی کا رویہ مثبت،مسائل کا پائیدارحل صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن،انجینئر امیر مقام
انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اقتدار میں آئی، میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر کے لیے بھرپور وسائل فراہم کیے۔
انہوں نے بتایا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مظفرآباد میں اہم ملاقات ہوگی، جبکہ آنے والے انتخابات کے لیے مسلم لیگ کے ٹکٹوں کی تقسیم مکمل میرٹ پر کی جائے گی۔
امیر مقام نے واضح کیا کہ ابھی تک کسی سیاسی یا مذہبی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ “معرکۂ حق” کی پہلی سالگرہ کا جشن منانے کے لیے کنٹرول لائن پر آئے ہیں، جہاں ہماری بہادر افواج اور عوام نے دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے بزدل دشمن کو شکست دی، جو اب تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔
کوٹلی میں “کچہرہ کنڈی” کے مسئلے پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس بارے میں وزیراعظم آزاد کشمیر اور مقامی ممبران اسمبلی جواب دیں، کیونکہ وفاق کی جانب سے تمام مالی وسائل فراہم کیے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان انتخابات، ن لیگ کا 19امیدواروں کا اعلان ،5حلقے خالی کیوں چھوڑے؟
انہوں نے کہا کہ پورے آزاد کشمیر میں دانش اسکول سمیت کئی بڑے ترقیاتی منصوبے دیے گئے ہیں، جبکہ چیف سیکرٹری کا کردار بعد میں آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام سے دلی محبت رکھتے ہیں اور اسی وجہ سے ان کا یہاں آنا جانا لگا رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے آنے والے انتخابات میں میڈیا کو بڑی سیاسی خبریں دیکھنے کو ملیں گی۔




