قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک اہم اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ میں نئی مثال قائم کردی۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کے دوران 3 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ: محمد عباس کی پانچ وکٹیں، پاکستان کی پوزیشن مستحکم
اوپنر محمود الحسن جوائے کو آؤٹ کرتے ہی شاہین آفریدی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔
انہوں نے یہ سنگ میل صرف 28 میچوں میں عبور کیا۔ پاکستانی بولرز میں ان کے بعد نعمان علی کا نمبر آتا ہے، جنہوں نے 20 میچوں میں 89 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ آسٹریلوی بولر ناتھن لائن کے پاس ہے، جنہوں نے 55 میچوں میں 224 شکار کیے۔
دوسرے نمبر پر پیٹ کمنز ہیں جن کے نام 54 میچوں میں 222 وکٹیں ہیں، جبکہ مچل اسٹارک 52 میچوں میں 221 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وہ صف جس میں دل، قدم اور ارادے ایک ہوں اللہ اسے پسند کرتا ہے: شاہد آفریدی
یاد رہے کہ ڈھاکا ٹیسٹ کے تیسرے روز پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 386 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، بنگلا دیش نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 7 رنز بنالیے ہیں۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو بنگلا دیش نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 7 رنز بنالیے تھے، میزبان ٹیم کو مجموعی طور پر 34 رنز کی برتری حاصل ہے ۔



