مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں داخلی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں، جہاں مرکزی سیکرٹری مالیات سید تصدق گردیزی نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی ہے ۔
ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ساتھ سیاسی اتحاد کے بعد پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں تنظیمی سطح پر اختلافات اور تحفظات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ اس صورتحال کے نتیجے میں پارٹی کے اندرونی نظم و ضبط پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں ۔
رپورٹس کے مطابق سید تصدق گردیزی کے استعفے کے بعد ضلع سدھنوتی سے تعلق رکھنے والے دو سو سے زائد کارکنان اور متعدد مقامی رہنماؤں نے بھی پیپلز پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے ۔
ان رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے اجتماعی طور پر پارٹی چھوڑنے کے فیصلے نے تنظیمی سطح پر واضح بے چینی اور تقسیم کو ظاہر کر دیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا آزاد کشمیر میں مستقل صدر کے انتخاب کا فیصلہ
سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے اندر بڑھتے ہوئے اختلافات کی ایک بڑی وجہ حالیہ سیاسی اتحاد اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی نئی صف بندیاں ہیں ، جنہوں نے مقامی سطح پر کارکنان کے تحفظات کو مزید بڑھا دیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر مختلف دھڑوں کے درمیان رابطے کمزور پڑ گئے ہیں جبکہ کئی رہنما اپنی آئندہ سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے مشاورت کر رہے ہیں ۔
اس صورت حال نے نہ صرف تنظیمی ڈھانچے کو متاثر کیا ہے بلکہ آئندہ سیاسی منظرنامے پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سپیکر گلگت بلتستان نذیر احمد ایڈووکیٹ کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان
دوسری جانب پارٹی قیادت کی جانب سے تاحال ان استعفوں اور علیحدگیوں پر کوئی باضابطہ تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو پیپلز پارٹی کے لیے ایک اہم تنظیمی چیلنج قرار دیا جا رہا ہے ۔




