کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ہاتھوں ہونے والی تاریخی شکست کو کبھی بُھلا نہیں سکے گا ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” میں پاکستان نے دشمن کو واضح اور عبرتناک شکست دی، جس کے بعد خطے میں طاقت کا توازن بھی تبدیل ہوا ۔
ان کے مطابق اس معرکے میں پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے چند ہی گھنٹوں میں فیصلہ کن برتری حاصل کی ۔
مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا کہ اس کارروائی کے دوران بھارت کے آٹھ طیارے مار گرائے گئے، جو پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری کا واضح ثبوت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا بلکہ دنیا کو بھی پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا اعتراف کرنے پر مجبور کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سندھ سے متعلق متنازعہ بیان، وزیراعلیٰ مراد شاہ کا بھارتی وزیر دفاع کو کرارا جواب
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے، جس میں جدید ٹیکنالوجی، حکمتِ عملی اور مربوط منصوبہ بندی نے فیصلہ کن کردار ادا کیا ۔
ان کے مطابق پاکستان نے محدود وقت میں جس انداز سے صورتحال کو کنٹرول کیا، وہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد پاکستان کا دفاعی تشخص مزید مضبوط ہوا ہے اور عالمی سطح پر اسے ایک ذمہ دار اور طاقتور ریاست کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔
سید مراد علی شاہ کے مطابق پاکستانی قوم اور افواج نے اس معرکے میں غیر معمولی اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کیا، جو اس کامیابی کی بنیادی وجہ بنا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معرکۂ حق نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہر سطح پر ملک کے تحفظ کیلئے اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا ۔




