صدر

پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا آزاد کشمیر میں مستقل صدر کے انتخاب کا فیصلہ

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی اعلیٰ قیادت نے آزاد جموں و کشمیر میں مستقل صدر تعینات کرنے کے فیصلے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے ۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اس اہم معاملے پر قیادت کے درمیان تفصیلی مشاورت کی گئی، جس کے بعد یہ طے پایا کہ صدر آزاد کشمیر کا منصب بدستور پیپلز پارٹی کے پاس ہی رہے گا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی پی آئندہ صدر کے انتخاب کے لیے جلد انتخابی عمل شروع کرے گی، اور اس سلسلے میں باقاعدہ شیڈول کا اعلان متوقع ہے ۔

اطلاعات کے مطابق صدارتی انتخاب آئندہ ایک ماہ کے اندر منعقد ہونے کا امکان ہے، جس کے ذریعے نئے مستقل صدر کا تقرر عمل میں لایا جائے گا ۔

یہ عہدہ سابق صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال کے بعد خالی ہوا تھا، جن کا 31 جنوری کو انتقال ہو گیا تھا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سپیکر گلگت بلتستان نذیر احمد ایڈووکیٹ کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

ان کی وفات کے بعد آئینی تقاضوں کے تحت اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی، چوہدری لطیف اکبر، قائم مقام صدر کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں ۔

سیاسی مبصرین کے مطابق پیپلز پارٹی کا صدر کا عہدہ اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ خطے کی سیاست میں اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے ۔

اس فیصلے سے نہ صرف پارٹی کی پوزیشن مضبوط ہوگی بلکہ آزاد کشمیر کی آئندہ سیاسی صورتحال پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ۔

پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ صدارتی امیدوار کے نام پر بھی مشاورت جاری ہے، اور جلد ہی کسی متفقہ امیدوار کا اعلان کیا جا سکتا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور کسان کو خوشحال بنانا ہے،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور

اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی قیادت حتمی فیصلے کے قریب پہنچ چکی ہے ۔

Scroll to Top