برطانیہ ، فرانس اور آسٹریا میں مقیم پاکستانیوں نے ’’معرکۂ حق‘‘کی پہلی سالگرہ نہایت جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منائی،افواجِ پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔
مختلف شہروں میں منعقدہ تقریبات میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔ لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین، پاکستانی نژاد کونسلرز، کاروباری شخصیات، میڈیا نمائندوں، سفارتی حکام اور پاکستانی برادری نے بھرپور شرکت کی ۔
قائم مقام ہائی کمشنر حسیب بن عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ تقریب کا مقصد پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ خدمات اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران افواجِ پاکستان نے فوری، مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے ملکی خودمختاری اور وقار کا کامیاب دفاع کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق اللہ تعالیٰ کے بے شمار احسانات پر اُس کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے، شہباز شریف
ڈیفنس اور نیول ایڈوائزر کموڈور جواد خواجہ اور آرمی و ایئر ایڈوائزر کرنل محسن وقار نے اپنے خطابات میں کہا کہ پاکستانی افواج نے اتحاد، مہارت اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ اس موقع پر پریس منسٹر علی نواز ملک نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن نے برطانوی میڈیا تک درست معلومات پہنچانے اور منفی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے میں اہم کردار ادا کیا ۔
ادھر پیرس میں بھی “معرکۂ حق” کی پہلی سالگرہ کے حوالے سے ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس کا اہتمام مسلم لیگ (ن) فرانس کے رہنما سردار ظہور اقبال نے کیا۔ تقریب میں پاکستان سے آئے صحافیوں، پاکستانی سفارتخانے کے حکام، ملٹری اتاشی، پریس کونسلر، سول حکام اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
شرکاء نے افواجِ پاکستان، سیاسی قیادت اور عوام کے اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی نے ملکی خودمختاری کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معرکۂ حق کا جشن بھارت کو ہضم نہ ہوا، سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کی کوشش ناکام بنادی
تقریبات کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ “معرکۂ حق” کا جذبہ مستقبل میں بھی پاکستان کو مزید مضبوط، متحد اور مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا، جبکہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی حمایت اور افواجِ پاکستان کی قربانیاں ملکی سلامتی کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔




