محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میںآج 10 سے 21 مئی کے دوران بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے ، جس کے باعث موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے ۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 10 سے 12 مئی کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ پوٹھوہار ریجن سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں ۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 11 سے 13 مئی کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی آسکتی ہے ۔ دوسری جانب جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی، جون اور جولائی کے دوران پنجاب میں مجموعی طور پر معمول سے زیادہ بارشیں اور درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: تیزہواؤں، گرج چمک کیساتھ بارش ،طغیانی،لینڈ سلائیڈنگ، الرٹ جاری
رپورٹ کے مطابق شمالی اور شمال مغربی پنجاب میں بارشیں معمول سے زائد ہوسکتی ہیں، جبکہ وسطی پنجاب میں بارشیں معمول کے مطابق اور مشرقی پنجاب میں معمول سے کم رہنے کا امکان ہے ۔
مزید یہ کہ مئی کے دوران صوبے بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے، اور 7 سے 11 مئی کے دوران شدید ہیٹ ویو کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں ۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً شدید گرمی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنایا جائے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر اور بالائی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری، کراچی میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ
بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، اس لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ کسانوں کو بھی موسم کی تبدیلی کے مطابق اپنی زرعی سرگرمیوں کو ترتیب دینے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔




