اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف حصوں میں رات گئے ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا اور شدید گرمی کی شدت میں واضح کمی آگئی ۔ اچانک برسنے والی بارش کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ فضاء ٹھنڈی اور خوشگوار ہو گئی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ رات دیر گئے شروع ہوا جو مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز اور راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں بارش کے باعث سڑکیں گیلی ہو گئیں جبکہ ہوا میں نمی بڑھنے سے موسم مزید خوشگوار محسوس ہونے لگا ۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا الرٹ جاری کیا ہے ۔
محکمہ کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر موجودہ موسمی نظام میں شدت آنے کا امکان ہے، جس کے باعث پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم غیر مستحکم رہ سکتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان، پختونخوا میں طوفانی بارشیں، گلیشیئر پھٹنے، سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری
پنجاب کے متعدد اضلاع بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال سمیت دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، سوات، دیر، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں بشمول گلگت، اسکردو، ہنزہ، نیلم ویلی، باغ اور راولاکوٹ میں بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے ۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں بعض علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور سیلابی ریلوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر : آندھی، طوفان،بارشیں،طغیانی ،ایس ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
ادارے نے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی تاکید کی ہے ۔




