پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 11 کے لیے انعامی رقم کی تفصیلات جاری کر دی ہیں ۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق اس بار کھلاڑیوں اور فرنچائزز کے لیے بڑے مالی انعامات رکھے گئے ہیں تاکہ لیگ میں مسابقت اور کارکردگی کو مزید فروغ دیا جا سکے ۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل 11 کی فاتح ٹیم کو مجموعی طور پر 10 لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی ۔
اس رقم میں 5 لاکھ ڈالر بطور بنیادی انعام شامل ہوں گے جبکہ مزید 5 لاکھ ڈالر اضافی بونس کی صورت میں فاتح ٹیم کو ملیں گے ۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ لیگ کی وقعت بڑھانے اور ٹیموں کو بہترین کارکردگی دکھانے کی ترغیب دینے کے لیے کیا گیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم سے محسن نقوی کی ملاقات،پی ایس ایل فائنل کیلئے بہترین انتظامات پر تبادلہ خیال
اسی طرح فائنل میں شکست کھانے والی ٹیم کے لیے بھی خاطر خواہ انعام مقرر کیا گیا ہے ۔
رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ ڈالر کی بنیادی انعامی رقم کے ساتھ اضافی 3 لاکھ ڈالر بھی دیے جائیں گے، یوں مجموعی طور پر رنر اپ ٹیم کو بھی ایک بڑی مالی رقم حاصل ہوگی ۔
پی سی بی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ لیگ میں پلیئر ڈیولپمنٹ اور نوجوان ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے حوالے سے نمایاں کارکردگی دکھانے والی فرنچائز کو خصوصی طور پر 2 لاکھ ڈالر کا انعام دیا جائے گا ۔
اس اقدام کا مقصد فرنچائزز کو ڈومیسٹک اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے مزید سرمایہ کاری پر آمادہ کرنا ہے ۔
دوسری جانب پی ایس ایل سیزن 11 کا فائنل میچ کل اتوار کے روز کھیلا جائے گا، جس میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:تنقید کا جواب نہیں دونگا،اچھا کرو تب بھی تنقید ہوتی ہے ، کپتان پشاور زلمی بابراعظم
یہ فیصلہ کن مقابلہ لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کی توقع ہے ۔



