لاہور(کشمیر ڈیجیٹل)شہر میں مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوامی مشکلات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث یہ بنیادی غذائی اشیاء بھی عام شہری کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں ۔
سرکاری نرخ نامے جاری ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں ان اشیاء کی فروخت مقررہ قیمتوں سے زیادہ پر ہو رہی ہے، جس پر شہریوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور حکومتی عملداری پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں ۔
اعداد و شمار کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 519 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے ، تاہم مختلف علاقوں میں یہی گوشت 540 سے 550 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 22 روپے فی کلو کمی
اسی طرح فارمی انڈوں کی قیمت بھی سرکاری سطح پر 245 روپے فی درجن مقرر ہے، لیکن بازاروں میں یہ 255 روپے یا اس سے بھی زائد میں دستیاب ہیں ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی اور انڈے روزمرہ خوراک کا لازمی حصہ ہیں اور انہیں نسبتاً سستا پروٹین سمجھا جاتا تھا، مگر حالیہ مہنگائی نے ان اشیاء کو بھی عام آدمی کی دسترس سے باہر کر دیا ہے ۔
بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے، خاص طور پر متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک میں مرغی کے گوشت کی قیمتیں عام شہریوں کی پہنچ سے دور
متاثرہ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کیخلاف مؤثر کارروائی کی جائے، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور بنیادی اشیائے خورونوش مناسب قیمتوں پر دستیاب ہو سکیں ۔



