مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) حکومت آزادکشمیر نے انتخابی فہرستوں کی تیاری کیلئے سرکاری افسران،ملازمین کی ہفتہ وار چھٹی منسوخ کردی ، نوٹیفکیشن کے مطابق اعتراضات کی یکسوئی تک فیصلہ برقرار رہے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایران سے بات چیت جاری مگر خوش نہیں،وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل قابل قدر ہیں، ٹرمپ
محکمہ سروسز سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت آزاد جموں و کشمیر نے انتخابی فہرست ہائے کی تیاری اور نظرثانی پر مامور انتظامی افسران، ڈپٹی کمشنرز، ریوائزنگ اتھارٹیز، رجسٹریشن آفیسرز، اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز اور دیگر معاون عملے کی ہفتہ وار سرکاری تعطیل منسوخ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انتخابی فہرست ہائے پر موصولہ شکایات اور اعتراضات کی یکسوئی اور درستی کے امور کی تکمیل تک یہ فیصلہ نافذ العمل رہے گا۔ تمام متعلقہ افسران کو ہفتے کے روز بھی دفاتر میں حاضر رہ کر انتخابی عمل سے متعلقہ امور نمٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:تتہ پانی: ٹائون کمیٹی کیلئے حکومتی شرط پوری، بلدیاتی نمائندے عہدوں سے مستعفی
نوٹیفکیشن کی نقول پرنسپل سیکرٹری برائے صدر، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعظم، پرنسپل سٹاف آفیسر برائے چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، سیکرٹری الیکشن کمیشن آزاد کشمیر سمیت تمام متعلقہ حکام کو بھجوا دی گئی ہیں۔
یہ اقدام انتخابی فہرستوں کی بروقت تیاری اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ آئندہ انتخابات کے لیے ووٹر لسٹوں پر عوامی اعتراضات کو مقررہ وقت میں دور کیا جا سکے۔




