باغ میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع، دکانوں کے باہر قائم تھڑے مسمار

باغ (کشمیر ڈیجیٹل)ضلعی انتظامیہ باغ نے شہر میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے رینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے، جس کے تحت سڑکوں اور دکانوں کے باہر قائم غیر قانونی تھڑوں اور دیگر تجاوزات کو ہٹانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈپٹی کمشنر باغ کی ہدایت پر شروع کیے گئے آپریشن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر باغ راجہ سہیل منہاس کر رہے ہیں جبکہ مجسٹریٹ بلدیہ اور پولیس کی نفری بھی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے۔

شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح

اسسٹنٹ کمشنر باغ راجہ سہیل منہاس نے کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کا بنیادی مقصد شہر کو تجاوزات سے پاک کرنا اور شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات سے نجات دلانا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کا مقصد کسی غریب شخص کی دل آزاری کرنا یا کسی کا روزگار متاثر کرنا نہیں بلکہ دکانوں کے باہر قائم غیر قانونی تھڑوں اور تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنانا ہے۔

راجہ سہیل منہاس کا کہنا تھا کہ بعض تاجروں کی جانب سے دکانوں کے سامنے قائم کی گئی تجاوزات شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ بن رہی ہیں، جنہیں ہٹانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

تجاوزات کے خاتمے کے لیے شہریوں سے تعاون کی اپیل

اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، تاہم اس مہم کی کامیابی کے لیے عوامی تعاون بھی ناگزیر ہے۔

راجہ سہیل منہاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔