راولاکوٹ میں امن کیلئے شرپسندوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے، شہری

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) ریاستی ادارالحکومت مظفرآباد کے شہریوں نے راولاکوٹ میں امن و امان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت آزاد کشمیر اور متعلقہ سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کے معمولات زندگی متاثر کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق موثر کارروائی کی جائے تاکہ علاقے میں امن و استحکام بحال ہو سکے۔

کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ بعض عناصر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی آڑ میں علاقے کا پرامن ماحول خراب کر رہے ہیں جس کے باعث عام شہریوں، تاجروں، طلبہ اور تعلیمی اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

عوامی زندگی اور تعلیمی سرگرمیوں پر اثرات

شہریوں کا کہنا تھا کہ راولاکوٹ کی سول سوسائٹی، تاجر برادری اور تعلیمی حلقے علاقے میں امن و امان کی بحالی چاہتے ہیں تاکہ کاروباری سرگرمیاں اور تعلیمی سلسلہ کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہ سکے۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کو بڑا جھٹکا، امتیاز اسلم کے بھائی اور اہلخانہ کا لاتعلقی کا اعلان

انہوں نے وزیراعظم افتخار گیلانی کے اسلام آباد میں سدھن ایجوکیشن کانفرنس کے زیر اہتمام بابائے پونچھ کی برسی کے موقع پر کیے گئے خطاب کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے پونچھ کی طالبات کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش پر تشویش ظاہر کیے جانے کا ذکر کیا تھا۔

شہریوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش اور کشیدہ صورتحال کے باعث بچوں کا تعلیمی مستقبل متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

خواتین اور بچوں کو مبینہ طور پر استعمال کرنے کا الزام

شہریوں کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر اپنے مقاصد کے حصول کے لیے خواتین اور بچوں کو بطور ڈھال استعمال کر رہے ہیںجو نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ معاشرتی امن کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی حقوق کے لیے پُرامن جدوجہد ہر شہری کا حق ہےتاہم کسی بھی تحریک کی آڑ میں بدامنی پھیلانے یا عام لوگوں کی زندگی مشکلات سے دوچار کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

پُرامن شہریوں سے مذاکرات، شرپسندوں کیخلاف ایکشن کا مطالبہ

شہریوں نے حکومت اور ریاستی اداروں سے اپیل کی کہ راولاکوٹ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے فوری اور جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے پُرامن شہریوں اور متعلقہ نمائندوں سے بامقصد مذاکرات کئے جائیں جبکہ تشدد، اشتعال انگیزی یا قانون شکنی میں ملوث پائے جانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ میں ایف سی اہلکاروں کے مارے جانے سے متعلق کالعدم  ایکشن کمیٹی کا پروپیگنڈا بے نقاب

شہریوں کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کا آغاز عوامی مطالبات کیلئے ایک تحریک کے طور پر ہوا تھا تاہم اب بعض عناصر نے اس پلیٹ فارم کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بدامنی کے واقعات کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی فرد یا گروہ کے ملوث ہونے یا معاونت فراہم کرنے کے شواہد سامنے آئیں تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

شہریوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری اقدامات کے ذریعے راولاکوٹ میں امن بحال کریں گے تاکہ شہری بلاخوف اپنی روزمرہ زندگی گزار سکیں اور علاقے میں کاروباری و تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہ سکیں۔