نیلم(کشمیرڈیجیٹل)عوامی مطالبات اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں ٹی ایچ کیو ہسپتال کیل میں گائناکالوجسٹ کی تعیناتی کا اہم مسئلہ حل ہو گیا ۔
ڈاکٹر زاہدہ انور دختر انور حسین، جنہیں قبل ازیں ٹرانسفر کر دیا گیا تھا، کو ایم ایس ٹی ایچ کیو کیل ڈاکٹر محمد اشرف مغل کی تحریک اور بریگیڈیئر عمران ارشد چیمہ کی کاوشوں سے دوبارہ تعینات کر دیا گیا جو کہ عوام علاقہ کیل و گردونواح کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دی جا رہی ہے ۔
یاد رہے کہ کیل، گریس تاوبٹ اور شونٹھر سمیت دور دراز علاقوں کے لیے واحد بڑا طبی مرکز ہے، جہاں گائناکالوجسٹ کی عدم موجودگی ایک سنگین انسانی بحران کی شکل اختیار کر گئی تھی ۔
خواتین کو زچگی جیسے حساس معاملات میں شدید مشکلات اور خطرات کا سامنا تھا، جبکہ متبادل طبی سہولیات کا فقدان بھی عوام کے لیے تشویش کا باعث بنا ہوا تھا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی ایچ کیو ہسپتال کیل کے طبی عملے کی خدمات قابل ستائش ہیں : بریگیڈیئر عمران ارشد چیمہ
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک انتظامی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی جانوں سے جڑا معاملہ تھا، جسے بروقت حل کرنا انتہائی ضروری تھا ۔
گائناکالوجسٹ کی عدم دستیابی سے نہ صرف مریضوں کو مشکلات کا سامنا تھا بلکہ کئی قیمتی جانیں بھی خطرے سے دوچار تھیں ۔
ڈاکٹر زاہدہ انور کی دوبارہ تعیناتی پر اہلِ علاقہ نے سیکرٹری ہیلتھ آزاد کشمیر بریگیڈیئر عامر رضا ٹیپو، ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر آفتاب احمد خان، بریگیڈیئر فالکن بریگیڈ کیل بریگیڈیئر عمران ارشد چیمہ، اور ایم ایس ٹی ایچ کیو کیل ڈاکٹر محمد اشرف مغل کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی ایچ کیو ہسپتال کیل کی ایمبولینس خود امداد کی متلاشی بن گئی
انہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی صحت کے شعبے میں ایسے اقدامات جاری رہیں گے تاکہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔




