زلزلہ کے بعد تعمیرنو مکمل ہوئے بغیر ہی سیرا کے انضمام کا فیصلہ کر لیا گیا

مظفرآباد/اسلام آباد:وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت سٹیٹ ارتھ کیوک ری کنسٹرکشن اینڈ ریہبلیٹیشن ایجنسی سیرا(SERRA) کا اجلاس اہم منعقد ہوا۔

اجلاس میں سیرا کے ایس ڈی ایم اے میں انضمام کا فیصلہ کیا گیا حالانکہ تعمیر نو کے کام ابھی مکمل نہیں ہوئے، سیکڑوں سکول ودیگر اداروں کی عماروں کا کام شروع ہی نہیں ہوسکا۔

یہ بھی پڑھیں: زلزلہ متاثرہ تعلیمی اداروں کی بحالی ،وفاقی حکومت ایک ارب روپے دیگی، سیکرٹری سیرا

اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر خان، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، سیکرٹری مالیات حسن مسعود، سیکرٹری سیرا جاوید الحسن جاوید، سیکرٹری پی اینڈ ڈی عامر لطیف، کمشنر پونچھ سردار وحید خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری سیرا نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو سیرا ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور دیگر مسائل حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری فنانس کو طریقہ کار وضع کرکے سیرا ملازمین کی تنخواہوں کی جلد از جلد ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیرا کے منصوبے کو ڈی ڈبلیو پی میں پیش کرکے اس کی منظوری حاصل کی جائیگی، جبکہ نارمل بجٹ سے برج فنانسنگ کے ذریعے سیرا ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: 2005کے زلزلہ کو 20سال بیت گئے،811منصوبوں پر کام کا آغاز ہی نہ ہوسکا، سیکرٹری سیرا

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ، ایس ڈی ایم اے، سیرا اور پی اینڈ ڈی باہمی مشاورت سے سیرا کے ایس ڈی ایم اے میں انضمام اور دیگر متعلقہ مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریںگے۔

یاد رہے کہ سیرا کو زلزلہ 2005کے بعد قائم کیا گیا تھا لیکن یہ ادارہ 21سالوں میں تعمیر نو کے کام مکمل نہیں کرسکااور اب اختتام کی طرف جا رہا ہے۔

Scroll to Top