مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ صحت میں ملازمین کی حاضری کے نظام کو تبدیل کرتے ہوئے نادرا کے اشتراک سے نیا ملٹی ماڈل بائیو میٹرک ویریفیکیشن سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری ہسپتالوں، ڈی ایچ او دفاتر اور صحت کے اداروں میں حاضری کے لیے نئے احکامات پر فوری عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرصحت کا ہٹیاں بالا کا دورہ، ڈی ایچ کیو ہسپتال کیلئے تین ڈاکٹرز دینے کا اعلان
آئندہ تمام سرکاری ہسپتالوں اور دفاتر میں بائیو میٹرک حاضری صرف چہرے کی شناخت یعنی فیس اسکیننگ کے ذریعے ہوگی. اس کے علاوہ روایتی انداز میں فنگر پرنٹ یعنی انگوٹھا لگا کر لگائی جانے والی حاضری کو مکمل طور پر مسترد تصور کیا جائے گا اور اسے قابلِ قبول نہیں سمجھا جائے گا۔
متعلقہ حکام کی جانب سے تمام ہسپتالوں اور طبی اداروں کے سربراہان کو اس جدید نادرا رجسٹرڈ سسٹم پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔




