مظفرآباد، باسی گوشت اور فروزن فوڈ کی سپلائی ناکام، تلف کردیا گیا

فوڈ اتھارٹی مظفرآباد اور پولیس چوکی برارکوٹ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ناکہ کے دوران غیر معیاری گوشت اور فروزن فوڈ کی ترسیل ناکام بنا دی گئی جبکہ برآمد ہونے والا تمام مال ضبط کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابراراحمدمیر، ہمراہ ٹیم انچارج قاضی شفیق الرحمن، محب علی اور چوکی انچارج برارکوٹ چوھدری محمد بشیر نے ہمراہ نفری ناکہ لگاتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی لی۔

یہ بھی پڑھیں: پیزا، برگر شاپس پر ایکسپائر ومضر صحت اشیاء کے استعمال پر فوڈ اتھارٹی کاایکشن،3آئوٹ لیٹس سیل

تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں غیر معیاری گوشت، اور فروزن فوڈز برآمد ہوئیں جو مقررہ ایس او پیز کے خلاف ناقص حالت میں منتقل کی جا رہی تھیں۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق ایسے غیر معیاری گوشت کی نہ صرف حفظانِ صحت کے لحاظ سے کوئی ضمانت نہیں ہوتی بلکہ اس کی حلت و حرمت (حلال یا غیر حلال، شرعی ذبح کی تصدیق) کے بارے میں بھی کوئی واضح ثبوت موجود نہیں ہوتا جس سے شہریوں کے لیے سنگین تشویش پیدا ہوتی ہے۔

اسی طرح فروزن فوڈ اگر مقررہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ اور ایس او پیز کے مطابق تیار و محفوظ نہ کیا جائے تو اس میں بیکٹیریا کی افزائش، فوڈ پوائزننگ، آنتوں کے انفیکشن، شدید معدے کی بیماریاں اور انسانی صحت کے لیے خطرناک اثرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

فوڈ اتھارٹی اس سے قبل بھی کئی بار کارروائیاں کرچکی ہے اس کے باوجود سپلائی کا سلسلہ لگا تار جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفر آباد : فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن ،مضر صحت بکرے کا گوشت تلف کر دیا

ترجمان نے کہا کہ عوام کسی بھی قسم کی شکایت یا خلاف ورزی کی اطلاع فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1280 پر دے سکتے ہیں، جہاں فوری کارروائی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق عوامی صحت کے تحفظ کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور کسی بھی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Scroll to Top