فوڈ اتھارٹی

پیزا، برگر شاپس پر ایکسپائر ومضر صحت اشیاء کے استعمال پر فوڈ اتھارٹی کاایکشن،3آئوٹ لیٹس سیل

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے گوجرہ بائی پاس روڈ پر قائم پیزا اور برگر شاپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف آؤٹ لیٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔

انسپکشن کے دوران صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات سامنے آئے جبکہ فریزر میں گندگی بھی پائی گئی۔کچن ایریاز کی چیکنگ کے دوران گلی سڑی سبزیاں اور ایکسپائر اشیاء بڑی مقدار میں برآمد ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجگراں: فوڈ اتھارٹی حکام کے چھاپے، فوڈ پوائنٹس کو وارننگ جاری

برگر کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیاء کا بھی معائنہ کیا گیا جن میں ٹماٹر، پیاز، بند گوبھی، لیٹش، چکن پیٹیز، مایونیز، کیچپ اور مختلف ساسز شامل تھیں۔

فوڈ اتھارٹی نے ناقص اور ایکسپائر اشیاء کو موقع پر ہی ضبط کر کے تلف کر دیا گیا جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر تین پیزا و برگر شاپس کو سیل کر دیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ یونٹس اس وقت تک بند رہیں گے جب تک وہ صفائی کے معیار کو بہتر، عملے کے میڈیکل سرٹیفکیٹس مکمل، فلٹریشن پلانٹس کی درستگی اور کچن کی حالت کو تسلی بخش نہیں بناتے، تب تک ان کی کمرشل سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا شہر بھر میں کریک ڈاؤن جاری، گودام سیل

فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

شہری کسی بھی غیر معیاری خوراک یا خلاف ورزی کی صورت میں ہیلپ لائن 1280 پر شکایت درج کروائیں، واٹس ایپ نمبر بھی دستیاب ہے، جس پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top