موٹرسائیکل سواروں اور ٹرانسپورٹرز کی سبسڈی میں ایک ماہ توسیع

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی طورپر کمزور طبقے کو ریلیف کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھنےکا فیصلہ کرتے ہوئے موٹرسائیکل سواروں، پبلک،گڈز ٹرانسپورٹ کیلئے فیول سبسڈی میں ایک ماہ کی توسیع کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم نے سفری کرایوں، مال بردارگاڑیوں کےکرایوں میں اضافہ روکنےکی ہدایت بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول پر 100روپے سبسڈی کیسے لی جائے؟ طریقہ کار سامنے آگیا

وزیراعظم نے ہدایت کی ہےکہ عوامی ریلیف کے اقدامات کی موثر نگرانی یقینی بنائی جائے، وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے عام آدمی کے لیے اربوں روپےکا قومی ریلیف پیکیج فراہم کیا، ان حالات میں جس قدر ممکن ہوسکا عوام کو ریلیف فراہم کرتے رہیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا ہےکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح رہےگی،کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائےگا، دعا گو ہیں خطےکی صورتحال میں جلدبہتری آئے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام ہو۔

خیال رہےکہ وزیراعظم نے موٹر سائیکل سواروں کو ہر ماہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرول 6 روپے،ہائی سپیڈ ڈیزل 19روپے51پیسے مہنگا، نوٹیفکیشن جاری

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی اعلان کیا ہےکہ موٹرسائیکل مالکان کو دی جانے والی سبسڈی جاری رہےگی۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہےکہ موٹرسائیکل مالکان سندھ حکومت کی سبسڈی کامزید فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

خیال رہےکہ موٹرسائیکل فیول سبسڈی کی مدت رات 12 بجے ختم ہوگئی تھی، وزیراعلیٰ سندھ نے پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث فی موٹر سائیکل ماہانہ 2 ہزار روپے سبسڈی دی تھی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ ماہ موٹرسائیکل سواروں کیلئے دو ہزار اور ٹرانسپورٹرز کیلئے 60ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کی سبسڈی کا اعلان کیا تھا۔

صوبوں نے بھی موٹرسائیکل سواروں کے علاوہ ٹرانسپورٹرز کو سبسڈی دی تھی جبکہ موٹرسائیکل نام کروانے کیلئے ٹرانسفر فیس بھی ایک ماہ کیلئے ختم کردی گئی تھی۔

Scroll to Top