بابر اعظم نے پی ایس ایل میں ایک اور سنگِ میل عبورکر لیا

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے مزید کئی اعزازات اپنے نام کر لیے ہیں۔ بابر اعظم پی ایس ایل کی تاریخ میں 4 سنچریاں بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں، جبکہ ایک ہی سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی مشترکہ طور پر اپنے نام کر لیا ہے۔

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 11 کے کوالیفائر میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ بابر اعظم اب پی ایس ایل کی تاریخ میں 4 سنچریاں بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ اس کارنامے کے ساتھ انہوں نے عثمان خان کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے، جن کے نام بھی اس ٹورنامنٹ میں 4 سنچریاں درج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل،پشاور زلمی فائنل میں پہنچ گئی،شکست کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس چانس باقی

اعزازات کا سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوا، بابر اعظم نے ایک ہی سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا فخر زمان کا ریکارڈ بھی مشترکہ طور پر اپنے نام کر لیا ہے۔ بابر اعظم نے رواں سیزن کے 11 میچز کی 10 اننگز میں 588 رنز اسکور کیے، جبکہ فخر زمان نے یہ ریکارڈ 13 اننگز میں 588 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔

گزشتہ روز کھیلے گئے اہم کوالیفائر میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی کی اس شاندار فتح اور کپتان کی انفرادی کارکردگی نے شائقینِ کرکٹ کے جوش و جذبے کو مزید بڑھا دیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کوالیفائر ٹکٹوں کی آن لائن فروخت، شائقین کی غیر معمولی دلچسپی

Scroll to Top