پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل ) کے میچز کو اسٹیڈیم میں دیکھنے کے حوالے سے شائقینِ کرکٹ کی آواز سوشل میڈیا پر زور پکڑ گئی ہے اور OpenPSLforPublic کے ہیش ٹیگ کے ساتھ یہ مطالبہ عالمی ٹرینڈ بن چکا ہے۔
کرکٹ کے دیوانے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کر رہے ہیں کہ صرف فائنل ہی نہیں بلکہ پلے آف مرحلے کے تمام میچز بھی شائقین کے لیے اسٹیڈیم میں دیکھنے کی اجازت دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11میں میری کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی،محمد رضوان
شائقین کا موقف ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے سب سے اہم مقابلے پلے آف ہوتے ہیں اس لیے انہیں براہِ راست اسٹیڈیم میں دیکھنے کا موقع ملنا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر ہزاروں صارفین نے اس مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کا اصل لطف گراؤنڈ میں بیٹھ کر ہی آتا ہے۔
دوسری جانب پی ایس ایل سیزن 11 کے پلے آف مرحلے کی لائن اپ بھی سامنے آ چکی ہے۔ کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی مدِ مقابل ہوں گے، جبکہ ایلیمنیٹر میں ملتان سلطانز اور حیدرآباد کنگز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:شائقین کو پی ایس ایل فائنل دیکھنے کی اجازت، ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کل سے شروع
فائنل میچ 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے لیے وزیراعظم پہلے ہی شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے چکے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق آن لائن فروخت شروع ہو چکی ہے جبکہ فزیکل ٹکٹس مخصوص پوائنٹس سے دستیاب ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: پلے آف مرحلےکیلئے ٹیموں کی لائن اپ مکمل
ٹکٹوں کی قیمت 1500 روپے سے لے کر 12 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مختلف طبقوں کے شائقین کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت شائقین کے بڑھتے ہوئے مطالبے پر کیا فیصلہ کرتی ہے اور آیا پلے آف میچز بھی عوام کے لیے کھولے جاتے ہیں یا نہیں۔




