کراچی(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل الیون کے ایک اہم میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کو بڑے مارجن سے ہرا کر پلےآف کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔
اس فتح کے ساتھ ہی پی ایس ایل کے رواں سیزن کی پلے آف لائن اپ مکمل ہو گئی ۔ حیدرآباد کنگزمین پلے آف میں جانیوالی ایونٹ میں چوتھی ٹیم بن گئی ۔
پی ایس ایل میں پلے آف میں جانے والی تین ٹیموں کا فیصلہ ہو چکا ہے، جن میں پشاور زلمی، اسلام آبا یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز شامل ہیں ۔
حیدرآباد نے راولپنڈیز کو میچ جیتنےکیلئے 245 رنز کا ہدف دیا اور اسے حیدرآباد کو پلے آف میں پہنچنے کیلئے حریف کو 159 رنز پر روکنا تھا ۔
حیدرآباد کنگز مین کی تباہ کن بولنگ نے راولپنڈیز کی بیٹنگ لائن بکھیر کر رکھ دی اور پوری ٹیم صرف 136رنز پرڈھیرہو گئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ کب فروخت ہوں گے؟ قیمتیں سامنے آگئیں
یوں 108 رنز کے بڑے مارجن سے فتح کے بعد پہلی بار پی ایس ایل کھیلنے والی حیدرآباد کنگزمین نے پلے آف میں جگہ بنا لی ۔
راولپنڈیز کے عثمان خواجہ کی 50 اور کپتان رضوان کی 26 رنز کی اننگز رائیگاں گئی ، حنین شاہ کی عمدہ بولنگ، 4 کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی ۔ عاکف جاوید نے بھی 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔
اس اہم میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے تھے ۔
حیدرآباد کی جانب سے تین دھواں دھار نصف سنچریاں سامنے آئیں ۔ گلین میکسویل 37 گیندوں پر 70 رنز کی اننگ کھیل کر رن آؤٹ ہوئے ۔
وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان نے 26 گیندوں پر 54 رنز بنائے جبکہ کوشل پریریرا نے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز کی اننگ کھیلی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شائقین کو پی ایس ایل فائنل دیکھنے کی اجازت، ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کل سے شروع
راولپنڈیز کی جانب سے سعد مسعود 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے ۔ آصف آفریدی، بین سیئرس اور عماد بٹ نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔




