آرڈیننس

آزاد کشمیر : الیکشنز (ترمیمی) آرڈیننس 2026 جاری کر دیا گیا

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر الیکشنز (ترمیمی) آرڈیننس 2026 جاری کر دیا گیا ہے ۔

جس کے مطابق پاکستان میں پابندی ،تحلیل وممانعت کی شکار پارٹیاں آزادکشمیر میں بھی خود بخودممنوع تصور ہونگی، حکومت کی طرف سے جاری کردہ آرڈیننس کی زد میں تحریک لبیک پاکستان آئیگی کیونکہ حکومت پاکستان نے پابندی عائد کررکھی ہے ۔

آرڈیننس کی زد میں تحریک انصاف پاکستان( پی ٹی آئی) بھی آسکتی ہے کیونکہ پی ٹی آئی کا کیس الیکشن کمیشن پاکستان میں چل رہا ہے اورالیکشن کمیشن آزادکشمیر میں بھی رجسٹریشن کیس چل رہا ہے ۔

آزاد جموں و کشمیر کے عبوری آئین 1974 کے تحت صدرِ ریاست نے الیکشنز ایکٹ 2020 میں ترامیم کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر الیکشنز (ترمیمی) آرڈیننس 2026 جاری کر دیا ہے ۔ آرڈیننس فوری طور پر نافذ العمل ہوگا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مہاجرین کشمیر کی انتخابی فہرستوں کی تکمیل کیلئے کمیٹیاں تشکیل

آرڈیننس کا مقصد انتخابی نظام کو مزید بہتر اور موجودہ حالات کے مطابق ہم آہنگ بنانا ہے ۔ ترمیم کے بعد مہاجرین کے ووٹ کے حق میں آسانی ہوگی آرڈیننس کے تحت 1989 کے مہاجرین جو ایک کیمپ سے دوسرے کیمپ یا آزاد کشمیر کے اندر اپنی رہائش تبدیل کر چکے ہیں، انہیں نئی رہائش گاہ پر ووٹ کے اندراج اور حقِ رائے دہی کی اجازت دے دی گئی ہے ۔

الیکشن کمیشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے افراد کی سہولت کے لیے ضروری طریقہ کار اور انتظامات وضع کرے۔ اسی طرح انتخابی فہرستوں میں تبدیلی الیکشن کمیشن کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اس شق پر عمل درآمد کے لیے ضمنی یا اپڈیٹڈ انتخابی فہرستیں تیار کرے تاکہ کسی ووٹر کا حق متاثر نہ ہو ۔

نئی ترمیم کے بعد سیاسی جماعتوں سے متعلق شق آرڈیننس کے مطابق اگر پاکستان میں کسی سیاسی جماعت پر پابندی، تحلیل یا ممانعت عائد ہو تو اس جماعت کی آزاد کشمیر میں موجود شاخیں، ذیلی تنظیمیں یا نمائندہ اکائیاں بھی خود بخود ممنوع تصور ہوں گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن : کشمیر لبریشن لیگ دوبارہ بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ

حکومتی مؤقف کے مطابق اسمبلی کا اجلاس جاری نہ ہونے اور فوری قانونی ضرورت کے پیش نظر یہ آرڈیننس جاری کیا گیا ہے تاکہ انتخابی معاملات میں ابہام پیدا نہ ہو اور نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔یہ آرڈیننس فوری طور پر نافذ ہو گیا ہے اور الیکشن کمیشن آزاد کشمیر اس پر عملدرآمد کا پابند ہوگا ۔

Scroll to Top