پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ کب فروخت ہوں گے؟ قیمتیں سامنے آگئیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے فائنل کے لیے ٹکٹوں کی فروخت اور ان کی قیمتوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ کرکٹ شائقین کے لیے یہ ایک بڑی خبر ہے کیونکہ فائنل میچ کے لیے ٹکٹ جلد دستیاب ہوں گے۔

پاکستان سپر لیگ 11 کا فائنل 3 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فائنل میں تماشائیوں کی آمد کی منظوری ملنے کے بعد پی سی بی نے ٹکٹوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز کی فتح کے بعد کراچی کنگز کی ایونٹ میں پیش قدمی ختم

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق فائنل میچ کے ٹکٹ پیر 27 اپریل کو شام 4 بجے سے آن لائن ویب سائٹ pcb.tcs.com.pk پر دستیاب ہوں گے۔ جو شائقین فزیکل ٹکٹ خریدنا چاہتے ہیں، وہ منگل کی صبح 10 بجے سے لاہور کے 18 مقررہ ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے ٹکٹ حاصل کر سکیں گے۔

ٹکٹوں کی قیمتوں کی تفصیلات کے مطابق حنیف محمد، امتیاز احمد، سعید احمد اور انضمام الحق جیسے جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ 1500 روپے میں ملیں گے۔ فرسٹ کلاس انکلوژرز جن میں عبدالحفیظ کاردار، عبدالقادر، جاوید میانداد اور سرفراز نواز شامل ہیں، ان کے ٹکٹ کی قیمت 2000 روپے رکھی گئی ہے۔ وی آئی پی انکلوژرز (فضل محمود اور عمران خان) کے ٹکٹ 6000 روپے جبکہ پریمیئم انکلوژرز (راجہ اور سعید انور) کے ٹکٹ 4000 روپے میں فروخت ہوں گے۔ اس کے علاوہ وی سی آئی پی وقار یونس انکلوژر کا ٹکٹ 8000 روپے، ظہیر عباس انکلوژر 10 ہزار روپے اور پی سی بی گیلری کا ٹکٹ 12 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔

Scroll to Top