یو اے ای نے ایران سے اپنا سفیر واپس بلا لیا، سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ایران میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے اور اپنے سفیر کو واپس بلانے کا اعلان کردیا ہے۔

یہ اقدام ایرانی حملوں کے بعد کیا گیا ہے جس میں یو اے ای کی سرزمین کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

یو اے ای کی وزارت خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران میں واقع سفارتخانہ بند کیا جا رہا ہے اور تمام سفارتی عملے کو واپس بلایا جا رہا ہے۔

وزارتِ خارجہ کی ڈائریکٹر برائے اسٹریٹجک کمیونیکیشن افرا الحمیلی نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے ایرانی میزائل حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ ایرانی میزائل حملوں کے جواب میں کیا گیا جو براہِ راست ملک کی سرزمین کو نشانہ بنا رہے تھے اور شہری مقامات، رہائشی علاقوں، ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور سروس سہولیات کو نقصان پہنچا رہے تھے، جس سے شہریوں کی جان خطرے میں آگئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کشیدگی میں کمی کی کوششوں پر آمادہ ہو گیا ، عمان کا دعویٰ

یو اے ای کے اس اقدام سے ایران اور خلیج میں امن و سلامتی کی صورتحال پر مزید تشویش ظاہر ہوتی ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر پڑنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ ایران کی جانب سے امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کیلئے فائرکئے گئے میزائل اور ڈرون دبئی ایئرپورٹ سمیت عمارتوں میں گرے ہیں جن سے پاکستانی سمیت 3افرادجاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت پاکستان اور عوام ایرانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف

قبل ازیں یواے ای نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ یواے ای کی سززمین پر حملہ نہ کیا جائے جبکہ ایران کا موقف ہے کہ ہمارے حملے خلیجی ممالک نہیں وہاں موجود امریکی اڈوں کیلئے ہیں جنہیں ہم امریکی زمین سمجھتے ہیں۔

Scroll to Top