افغان طالبان کے 36 کارندے جہنم واصل،پاک فوج کے 2 جوان شہید، عطااللہ تارڑ

وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستان افغانستان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کی کارروائیوں کا بھرپور و مؤثر جواب دیا جا رہا ہے اور جاتا رہے گا۔

افغان طالبان رجیم اور بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جھوٹا و بے بنیاد پرپیگنڈا کیا جارہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک بیان میں عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خوش فہمیوں پر مبنی ایسی تمام افواہیں خفت مٹانے کیلئے پھیلائی جارہی ہیں۔عملی میدان میں شکست فاش کے بعد افغان طالبان رجیم جھوٹ اور پراپیگینڈے کا سہارا لے رہی ہے۔

افغان طالبان رجیم کو ہر گز جھوٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔الحمدللہ پاکستان کی پیشہ ورانہ افواج حملہ آوروں کے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج کی کاروائی میں افغان طالبان رجیم کے 36کارندے جہنم واصل ہو چکے اورمتعدد زخمی ہیں۔

عطااللہ تارڑنے کہا کہ وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے 2جوان شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے جبکہ 3جوان زخمی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دنوں خطے بالخصوص پاکستان میں معصوم لوگوں کو شہید کرنے والے فتنہ الخوارج کے دھشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔

افغان طالبان رجیم کی فتنہ الخوارج کے دفاع میں پاکستان کے سرحدی علاقوں میں فائرنگ نے افغان طالبان رجیم کی دہشتگردوں کی پشت پناہی کو پوری دنیا کے سامنے ایک مرتبہ پھر سے بے نقاب کر دیا۔

عطاتارڑ نے کہا کہ افغانستان کو ماضی کی پسپائیوں سے سبق سیکھنا چاہئے۔پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے ہر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے۔

Scroll to Top