باغ(کشمیر ڈیجیٹل)راولپنڈی سے باغ جانے والی مسافر کوسٹر گن گلی کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری یا سڑک کی خرابی کے باعث پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت پنجاب کا وزراء، بیوروکریٹس کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ
واقعے کے بعد ٹریفک کچھ دیر کیلئے متاثر رہی تاہم انتظامیہ نے صورتحال کو کنٹرول میں لے لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوٹلی ستیاں کے علاقے گن گلی میں ایک بار پھر افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
راولپنڈی سے آزاد کشمیر جانے والی مسافر کوسٹر ایک خطرناک موڑ پر بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی۔ خوش قسمتی سے سڑک کے کنارے نصب بجلی کا کھمبا گاڑی کے سامنے رکاوٹ بن گیا ورنہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع یقینی تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کی مانسہرہ آمد: شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کے اہل خانہ سے ملاقات، اہم اعلان
مسافر معجزانہ طور پر حادثے میں بچ گئے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم عوام اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوسٹر میں پھنسے افراد کو نکال لیا۔
یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ٹاہیں ڈھلکوٹ روٹ پر کوسٹر ڈرائیورز کی تیز رفتاری کے باعث آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں۔
چند روز قبل ٹاہیں کے مقام پر بھی اسی نوعیت کا ایک حادثہ پیش آیا تھا، اور اب یہ تازہ واقعہ انتظامیہ کی توجہ کا متقاضی ہے۔ اگر بروقت اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو خدانخواستہ کسی بڑے سانحے کا اندیشہ موجود ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شعیب ملک اور ونیزا ستار کی 27 فروری کو شادی کی افواہیں: ثنا جاوید سے علیحدگی کی خبروں میں کتنی حقیقت ہے؟
انتظامیہ سے پُرزور اپیل ہے کہ اوور اسپیڈنگ کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
باقاعدہ چیکنگ کا مؤثر نظام قائم کیا جائے، بھاری جرمانے عائد کیے جائیں اور سنگین خلاف ورزی کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس اور روٹ پرمٹ منسوخ کیے جائیں۔
عوام الناس سے بھی گزارش ہے کہ اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔ آپ کے پاس موجود موبائل فون ایک مؤثر ذریعہ ہے۔
تیز رفتاری کی صورت میں گاڑی کا نمبر واضح کرتے ہوئے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کریں تاکہ متعلقہ اداروں کو کارروائی میں آسانی ہو اور قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔




