وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مانسہرہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر جا کر ان کے لواحقین سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے شہید کی والدہ، اہلیہ اور بچوں سے ملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے شہید کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کی ہمت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے اور پاکستانی قوم ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اور پاک فوج شہید کے اہل خانہ کا مکمل خیال رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جنرل (ر) شیر افگن کی بطور صدر آزاد کشمیر تقرری کا دعویٰ جھوٹا نکلا: فیکٹ چیک میں بھارتی سوشل میڈیا مہم کا بھانڈا پھوٹ گیا
اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے مانسہرہ میں شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کے نام سے “دانش اسکول” کے قیام کا بھی بڑا اعلان کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء عطا اللہ تارڑ، انجینئر امیر مقام، سردار محمد یوسف، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، کیپٹن (ر) محمد صفدر، مرتضیٰ جاوید عباسی اور شاہ جی گل آفریدی بھی موجود تھے۔




