آئی سی سی ٹی 20ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوےکو 107 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر بھارت کے لیے پریشانیاں بڑھادیں۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے چوکوں چھکوں کی برسات کرتے ہوئے 20 اوورز میں 254 رنز بناڈالے جوکہ ٹی 20ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ :ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز سے شکست دیدی
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 147 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں ویسٹ انڈیز 107 رنز کی فتح کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے میں گروپ 1 کے پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر آگئی۔
گروپ 1 میں چاروں ٹیمیں ایک ایک میچز کھیل چکی ہیں اور اس کے میچ میں بھاری مارجن سے فتح کے بعد ویسٹ انڈیز کا نیٹ رن ریٹ 5.350 اور 2 پوائنٹس ہیں، جب کہ بھارت کو شکست دیکر جنوبی افریقا 3.800 کے نیٹ رن ریٹ کے باعث 2 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر برجمان ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کی ٹیم بغیرکسی پوائنٹ کے مائنس 3.800 رن ریٹ کے بعد تیسرے اور زمبابوے چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20ورلڈکپ، بھارت کو عبرتناک شکست کے بعد سیمی فائنل کے لالے پڑ گئے
بھارت نے ابھی ویسٹ انڈیز اور زمبابوے سے 2 میچز کھیلنا ہیں، سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بھارت کو نا صرف اگلے دونوں میچز جیتنا ہیں بلکہ بھاری مارجن سے جیتنا ہوں گے کیونکہ اگر کسی ٹیم سے پوائنٹس برابر ہوئے تو کم رن ریٹ کے باعث ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنا مشکل ہوجائےگا۔
بھارتی ٹیم کو سپرایٹ مرحلہ میں عبرتناک شکست ہوئی ہے جس پر بھارتی شائقین بھی اپنی ٹیم پر برہم ہیں اور بڑی تبدیلیوں کا مطالبہ کررہے ہیں، بھارت میں ورلڈ کپ ہونے کے باوجود اگر بھارت سپر ایٹ مرحلہ سے باہر ہوگا تو یہ بھارتی کرکٹ ٹیم کیلئے بڑا دھچکا ثابت ہوگا۔




