بھارت کی ریاست رانچی سے دہلی جانے والا7 افراد پر مشتمل میڈیکل چارٹرڈ طیارہ پیر کے روز جھارکھنڈ کے علاقے سماریہ کے قریب لاپتا ہونے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا، حکام نے طیارہ گرنے کی تصدیق کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ طیارہ بیچ کرافٹ کنگ ایئر BE9L تھا، جسے دہلی میں قائم کمپنی Redbird Airways Pvt Ltd آپریٹ کر رہی تھی۔ طیارہ شام 7 بج کر 7 منٹ پر رانچی سے روانہ ہوا تھا اور اس کی دہلی پہنچنے کا متوقع وقت رات 10 بجے تھا۔
طیارے میں ایک مریض سمیت مجموعی طور پر 7 افراد سوار تھے۔ دیگر افراد میں ایک ڈاکٹر، ایک پیرا میڈک، دو معاونین، پائلٹ اِن کمانڈ اور ایک شریک پائلٹ شامل تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ :ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز سے شکست دیدی
بھارتی میڈیا کے مطابق شام 7 بج کر 34 منٹ پر طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ اس کی آخری لوکیشن پلامو کے قریب ٹریک کی گئی تھی۔ بعد ازاں حکام نے بتایا کہ طیارہ جھارکھنڈ کے ضلع چترا کے قریب سماریہ کے علاقے کے کاسیاتو جنگل میں گر کر تباہ ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چترا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے بتایا کہ پولیس جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو چکی ہے، جس کے بعد جانی نقصان اور دیگر نقصانات کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ، دفعہ 144 برقرار،نوٹیفکیشن جاری
طیارے میں سوار پائلٹس کی شناخت وویک وکاش بھگت اور سوراج دیپ سنگھ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ منتقل کیے جانے والے مریض کی شناخت 41 سالہ سنجے کمار کے طور پر کی گئی ہے۔




