ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی ٹیم کو سری لنکا جانا پڑے گا

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد ایک اہم سوال سامنے آیا ہے کہ جب پاکستان میدان میں اترے گا ہی نہیں تو پھر بھارتی ٹیم کو سری لنکا کیوں جانا پڑے گا، جس کی وجہ آئی سی سی کے واضح قوانین اور پروٹوکولز ہیں جن پر عمل درآمد ہر ٹیم کیلئے لازم قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت تو کرے گا تاہم بھارت کے خلاف 15 فروری کو شیڈول میچ نہیں کھیلے گا۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا، جس میں ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ملاقات کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا گیا کہ قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں حصہ لے گی لیکن بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے پس منظر میں بنگلا دیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے، اور پاکستان اس معاملے پر بنگلا دیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا چاہتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مارخور ایڈیشن، پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ کیلئے کٹ کی رونمائی

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 فروری کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں شیڈول تھا۔ پاکستان کے بائیکاٹ کی صورت میں یہ میچ نہیں کھیلا جائے گا، تاہم اس کے باوجود بھارتی ٹیم کو کولمبو جانا ہوگا۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر کوئی ٹیم میچ کا بائیکاٹ کرے تو اس میچ کے 2 پوائنٹس اسے حاصل نہیں ہوتے اور یہ پوائنٹس مخالف ٹیم کو دے دیے جاتے ہیں۔ اس صورت میں پاکستان کو 2 پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑے گا جبکہ بھارت کو یہ پوائنٹس مل جائیں گے۔ تاہم ان پوائنٹس کے حصول کیلئے بھارتی ٹیم کیلئے ضروری ہوگا کہ وہ آئی سی سی کے طے شدہ پروٹوکول کے مطابق مکمل عمل کرے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم 15 فروری کو شیڈول کے مطابق سری لنکا پہنچے گی، وہاں پریکٹس سیشن کرے گی، پریس کانفرنس میں شرکت کرے گی اور مقررہ وقت پر اسٹیڈیم میں موجود ہوگی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی قوانین کے تحت بھارتی ٹیم میچ کے دن میدان میں پاکستان ٹیم کی عدم موجودگی کی صورت میں میچ ریفری کے باضابطہ طور پر میچ منسوخ کرنے کے فیصلے کا انتظار کرے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ، آئی سی سی قانون کے تحت کیا نقصان ہوگا؟

میچ ریفری کی جانب سے آفیشل فیصلہ آنے کے بعد ہی بھارت کو اس میچ کے 2 پوائنٹس دیے جائیں گے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے شروع ہو رہا ہے، جبکہ پاکستان کے گروپ میں بھارت کے علاوہ نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا شامل ہیں۔

Scroll to Top