ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد مختلف علاقوں میں ٹرانسپورٹرز نے خود ساختہ طور پر مسافر بسوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف روٹس پر کرایوں میں پچاس روپے سے ایک سو پچاس روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جس سے سفر مزید مہنگا ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے راولپنڈی جانے والے مسافروں کے لیے کرایہ 1600 روپے سے بڑھا کر 1750 روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈیڑھ سو روپے اضافے کے بعد لاہور سے رحیم یار خان کا کرایہ 1900 روپے وصول کیا جا رہا ہے۔ لاہور سے گوجرانوالہ کے روٹ پر بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی قیمت برقرار، ڈیزل فی لیٹر 11روپے اضافہ،نوٹیفکیشن جاری
مسافر بسوں کے کرایوں میں اضافے کے بعد شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافے سے نہ صرف سفر مہنگا ہو گیا ہے بلکہ اس کے اثرات روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں پر بھی پڑتے ہیں، جس سے عام آدمی کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے تاکہ بڑھتے ہوئے اخراجات میں کچھ کمی آ سکے۔ مسافروں کے مطابق پہلے ہی مہنگائی نے زندگی مشکل بنا رکھی ہے اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ مشکلات کو دوگنا کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: مہنگائی کا نیا جھٹکا، ڈیزل کےبعدمٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافہ
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 253 روپے 17 پیسے برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 268 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔




