مارخور ایڈیشن، پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ کیلئے کٹ کی رونمائی

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کٹ کی رونمائی کردی گئی ہے جبکہ کٹ کو مارخور ایڈیشن کا نام دیا گیا ہے۔

اتوار کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی آفیشل کٹ کی رونمائی کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کرنے کا فیصلہ ،بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اورآخری ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹی 20ورلڈ کپ 2026 کے لیے مینز کرکٹ ٹیم کی آفیشل جرسی متعارف کرائی۔

میچ کے بعد کی خصوصی تقریب میں کپتان سلمان علی آغا اور دیگر کھلاڑی پاکستان کی نئی جرسی پہنے دکھائے دئیے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی آفیشل ورلڈ کپ کٹ روایتی اور ہلکے سبز رنگ کی ہے جس کو ’’مارخور ایڈیشن‘‘ کا نام دیا گیا ہے، آفیشل کٹ میں پاکستان کا قومی جانور مارخور نمایاں ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والی آفیشل کٹ کی تقریب میں کپتان سلمان آغا، بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی ، نسیم شاہ، ابرار احمد اور فہیم اشرف شامل ہیں جب کہ کھلاڑیوں کے ساتھ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، نجم سیٹھی اور رمیز راجہ نے بھی شرکت کی۔

دوسری جانب حکومت پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ میں شرکت کرے گی تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو ہندوستان کے خلاف شیڈول میچ میں میدان میں نہیں اترے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی سیریز : پاکستان نے آسٹریلیا کو وائٹ واش کر دیا

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے آج بروز پیر سری لنکا کے لیے روانہ ہو گی۔

Scroll to Top