اسلام آباد:چیف الیکشن کمشنرآزادکشمیر کی تعیناتی کےمعاملہ فائنل مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اورآزادکشمیر حکومت کی جانب سے 3 رکنی پینل چیئرمین کشمیر کونسل ،وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف کو ارسال کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آزادکشمیر حکومت کی جانب سے بھیجے گئے ناموں میں جسٹس (ر) خواجہ نسیم ،جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل اور جسٹس (ر) سردار حمید خان کے نام شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اپوزیشن لیڈر کی ملاقات،چیف الیکشن کمشنر کیلئے 3رکنی پینل پر اتفاق
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین کشمیر کونسل وفاقی وزارتِ قانون سے رائے لینے کے بعد حتمی فیصلہ کریں گےجبکہ چند روز میں چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی تعیناتی کے لیے نام فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔وزیرامور کشمیر نے بھی آزادکشمیر حکومت کی طرف سے پینل ملنے کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر کی ملاقات میں نام فائنل کیا گیا تھے، ابتدائی فہرست میں سینئر بیوروکریٹ سید آصف شاہ کانام بھی شامل تھا جوبعد میں ڈراپ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس (ر) خواجہ نسیم اور جسٹس (ر) مصطفی مغل کو چیف الیکشن کمشنر کیلئے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔جسٹس (ر) مصطفی مغل پہلے بھی چیف الیکشن کمشنر رہ چکے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ طویل عرصے سے التوا کا شکار تھا، جس کے باعث آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے مختلف آئینی اور انتظامی امور متاثر ہو رہے تھے۔
مبصرین کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے بعد آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے شیڈول اور دیگر انتخابی مراحل کے حوالے سے اہم فیصلوں کی راہ ہموار ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن 2026 : سردار عتیق کا ڈویژنل رابطہ کمیٹیوں کے قیام کا اعلان
یہ بھی یار ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ کئی ماہ سے خالی پڑا ہے اورسابق دور حکومت میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت ہی نہیں ہوسکی تھی۔




