مظفرآباد: وفاقی محتسب ریجنل آفس مظفرآباد میں منگل کو پاکستان بیت المال کے خلاف کی جانے والی 18شکایات جبکہ سٹیٹ لائف انشورنس کی جانب سے کی جانے والے 4شکایات کے ازالہ کی سماعت ہوئی۔
وفاقی محتسب آزادکشمیر کے ایڈوائزر سردار جاوید ایوب نے سماعت کی۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر خاور محمودپیش ہوئے جبکہ سٹیٹ لائف انشورنس کی جانب سے ڈپٹی منیجر ابوزر خٹک پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایڈوائزر وفاقی محتسب کی سربراہی میں کھلی کچہری،عوامی شکایات درج
پہلے پاکستان بیت المال کے خلاف کی جانے والے شکایات کی سماعت ہوئی جس میں شاکیان نے موقف اختیار کیا کہ بار ہا ہم پاکستان بیت المال مظفرآباد کے دفتر کے چکر لگا چکے ہیں مگر ہمیں کوئی مالی امداد فراہم نہیں کی گئی۔
پاکستان بیت المال کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر خاور محمود نے یقین دہانی کروائی کہ ان تمام افراد کے کیسز مرتب کرتے ہوئے اپنے ہیڈ آفس کو ارسال کر دیئے گئے ہیں جن کی ویری فکیشن ہونے کے بعد تمام معذور افراد کو مالی امداد کے چیکس مل جائیں گے ۔
سٹیٹ لائف انشورنس کی جانب سے پیش ہونے والے ڈپٹی منیجر کی جانب سے مفصل جواب نہ دینے پر13دن کا وقت دیتے ہوئے سخت ہدایات جاری کی گئیں کہ ان تمام کیسز کو فی الفور یکسو کرتے ہوئے مفصل رپورٹ پیش کی جائے۔
ڈپٹی منیجر ابوزر خٹک نے یقین دہانی کروائی کہ اگلی تاریخ پیشی پر تمام شاکیان کے مسائل کو حل کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر ایڈوائزر برائے وفاقی محتسب سردار جاوید ایوب نے کہا کہ وفاقی محتسب کا یہ دفتر غریبوں کا پلیٹ فارم ہے اور وفاقی اداروں کی بد انتظامی،غفلت اور نا اہلی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مسائل حل کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے ہرممکن کو شش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سابق سیکرٹری سردار جاوید ایوب کمشنر آئی آر ڈی وفاقی محتسب آزادکشمیر تعینات
وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں ہر شکایت کا 60دن کے اندر فیصلہ کیا جاتا ہے اور شکایت کنندہ کو انصاف فراہم کیا جاتا ہے ۔
کوئی بھی شہری جس کو کسی بھی وفاقی ادارے کے خلاف کوئی شکایت ہو تو وہ بذریعہ آن لائن، وٹس ایپ، موبائل ایپ، ای میل یا خود دفتر میں آکر ایک سادہ درخواست کے ذریعہ بھی شکایت درج کروا سکتا ہے جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔




