مظفرآباد/اسلام آباد:محکمہ تعمیراتِ عامہ آزاد کشمیر کے سابق چیف انجینئر راجا مشتاق جو لاپتا ہو گئے تھے کچے کے ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گئے ہیں۔
اغواکاروں نے ان کی ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے رہائی کے بدلے 3 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔راجا مشتاق کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع باغ کی تحصیل دھیرکوٹ آزاد کشمیر سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کا ایک اورشہری کچے کے ڈاکوئوں کے ہتھے چڑھ گیا
جاری کی گئی ویڈیو میں وہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق امیدوار اسمبلی راجا افتخار ایوب اور دیگر افراد سے اپیل کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ تاوان ادا کرکے ان کی رہائی ممکن بنائی جائے۔
ویڈیو میں راجہ مشتاق خاندان سے اپیل کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ بینک میں جائیں ، میرامکان بیچیں، جیسے بھی ہو مجھے یہاں سے چھڑوائیں میں مر جائوں گا۔ویڈیو میں راجہ مشتاق کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات نظرآرہے ہیں۔
راجہ مشتاق نے روتے ہوئے اپیل کی کہ پولیس اور رینجرز کے پیچھے نہیں جانا ، جرگہ کرکے کسی سے پیسے لے کر میری جان چھڑوائیں۔واقعے کے بعد اہلِ خانہ اور متعلقہ حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جبکہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھمبر سے اغوا ہونے والے بزرگ شہری ملک غفور بازیاب
راجہ مشتاق کے اہلخانہ اور سول سوسائٹی کی جانب سے اس سلسلے میں حکومت اور سکیورٹی اداروں سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی آزادکشمیر کے کئی شہری کچے کے ڈاکوئوں کے ہتھے چڑھ چکے ہیںجن کو سکیورٹی اداروں نے کردارا دا کرتے ہوئے آزادی دلائی ہے یا پھر بھاری تاوان اداکرکے رہائی ملی ہے۔
حکومت اور پولیس کی طرف سے متعدد بار کی طرف سے متعدد انتباہ کے باوجود مختلف قسم کے جال بچھا کر ڈاکو لوگوں کو پھنسا لیتے ہیں۔




