مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا برارکوٹ انٹری پوائنٹ پر ناکہ، 15 لیٹر مضر صحت دودھ تلف کردیا۔
موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے موقع پر جدید سائنسی بنیادوں پر خوراک کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس کارروائی کا مقصد شہر میں داخل ہونے والی فوڈ سپلائی کی سخت نگرانی، غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء کی بروقت نشاندہی اور عوامی صحت کا مؤثر تحفظ تھا۔
ناکہ کے دوران موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے دودھ، پینے کے پانی، خوردنی آئل اور مختلف اقسام کے مصالحہ جات کے نمونے حاصل کر کے انہیں موقع پر ہی ٹیسٹ کیا گیا ۔
اس موقع پر شہر میں داخل ہونے والی فوڈ ڈیلیوری گاڑیوں کو روک کر اشیائے خوردونوش کی مکمل اور باریک بینی سے چیکنگ کی گئی جس میں پیکنگ، لیبلنگ، ایکسپائری ڈیٹ، درجہ حرارت اور ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم خاتون کا حجاب اتارنے کی کوشش پر او آئی سی نوٹس لے ، راجہ فاروق حیدر
فوڈ بزنس آپریٹرز اور ڈرائیورز کو فوڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی واضح ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ اس دوران فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے بھی کئے گئے۔
یہ کارروائی اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن کے ہمراہ فوڈ اتھارٹی سید محب علی اور فوڈ ٹیکنالوجسٹ انیلہ عباسی نے انجام دی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی شہریوں کی صحت کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
شہر میں داخل ہونے والی ہر قسم کی خوراک کی کڑی اور مسلسل جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ غیر معیاری اور مضرِ صحت اشیاء کی ترسیل کو ہر صورت روکا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے کہا کہ شہری معیاری خوراک کے فروغ میں فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں اگر کہیں غیر معیاری یا مضرِ صحت اشیائے خوردونوش فروخت ہوتی نظر آئیں تو فوری فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1280 پر شکایت درج کروائیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے عوامی صحت کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔




