راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، دفاعی اور عسکری تعاون، پاک۔سعودی اسٹریٹیجک ملٹری پارٹنرشپ مضبوط بنانے سمیت دہشت گردی کیخلاف تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الروایلی نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے اہم ملاقات کی جس میں دونوں عسکری سربراہان نے خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، اسٹریٹیجک تعاون، اور باہمی دفاعی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا،
دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دفاعی تعاون، مشترکہ مشقوں، انٹیلیجنس روابط اور انسدادِ دہشت گردی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی مسلح افواج کے ساتھ پاکستان کے تاریخی و برادرانہ عسکری تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
مزید یہ بھی پڑھین:ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی
اس موقع پر خطے میں امن و استحکام اور دونوں ممالک کے باہمی اسٹریٹیجک مفادات پر بھی گفتگو ہوئی۔جنرل فیاض بن حمید الروایلی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انسدادِ دہشت گردی میں نمایاں کردار کو سراہا۔

انہوں نے دفاعی تربیت، عسکری مشقوں اور سکیورٹی معاونت سمیت متعدد شعبوں میں پاکستان کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا اور یقین دلایا کہ سعودی عرب پاک فوج کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
جی ایچ کیو پہنچنے پر سعودی معزز مہمان کے اعزاز میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف نےیادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔




