کاغان ناران،موسم سرما کی پہلی برفباری،سینکڑوں سیاح پھنس گئے

باڈ گوئی ٹاپ اور کمراٹ جاز بانڈہ چترال ناران کاغان میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔۔درجنوں سیاح اور گاڑیاں بابوسر ٹاپ کے راستے میں پھنس گئی ہیں۔

چلاس میں بھی شدید برف باری جاری ۔ دوسری جانب کاغان ناران، بابوسر روڈ بند، گلگت جانے والے سینکڑوں مسافر ناران اور بابوسر ٹاپ کے درمیان پھنس گئے۔

طویل خشک سالی کے بعد ضلع مانسہرہ بالاکوٹ کے میدانی علاقوں میں بارش وادی کاغان ناران کے پہاڑوں پر شدید برف باری کا سلسلہ شروع

خیبر پختونخوا کے مشہور سیاحتی مقامات ناران اور کاغان میں سال کی پہلی برف باری کے بعد نظامِ زندگی متاثر ہو گیا ہے۔

علاقے میں تین سے چار انچ تک برف جمنے سے مرکزی اور ذیلی سڑکیں بند ہوگئی ہیں، جس کے باعث درجنوں گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں اور سینکڑوں سیاح علاقے میں محصور ہو کر رہ گئے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق ناران اور کاغان کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ۔

سڑکوں پر برف جم جانے کے باعث آمد و رفت معطل ہو گئی ہے جبکہ کئی مقامات پر گاڑیوں کے پھسلنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ ریسکیو اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں سڑکوں کی صفائی اور پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مصروف ہیں۔

بھاری مشینری کی مدد سے ناران، کاغان اور جرید کے علاقوں میں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم کی پیشگوئی دیکھ کر ہی پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سیاحوں نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بھاری مشینری کے ذریعے سڑکوں سے برف صاف کی جائے تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا سکے۔

سیاحوں کا کہنا تھا کہ اگر بروقت راستے کھول دیے جائیں تو موسم کی بہتری کے ساتھ مزید سیاح برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے ناران کاغان کا رخ کر سکتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ: علمی تاریخ کا ایک اور باب روشن، سمیرہ حبیب نے پی ایچ ڈی مکمل کرلی

Scroll to Top