جشن یوم آزادی :پاکستان کے دفاع کیلئے کشمیری عوام ہر قربانی کیلئے تیار ہیں،دیوان علی چغتائی

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)یومِ آزادیِ پاکستان کے موقع پر دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزادکشمیر بھر میں  عظیم الشان جشنِ آزادی ملی جوش وجذبے سے منایا گیا ۔

دارالحکومت مظفرآباد میں جشن آزادی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خطابات میں ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دیوان علی چغتائی سمیت سیاسی ، سماجی مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کے دفاع اور استحکام کیلئے کشمیری عوام ہر قربانی دینےکیلئے تیار ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کھاوڑہ : ترہالہ میں اراضی تنازعہ پر فائرنگ، 3 افراد قتل ،3 شدید زخمی

ریلی میں پاکستان سے والہانہ محبت، قومی یکجہتی اور کشمیری عوام کے پاکستان کے ساتھ مضبوط جذباتی و نظریاتی رشتے کا اظہار کیا گیا۔

ریلی کا آغاز قائداعظم پل، دومیل سے ہوا جو نلوچھی پل، چہلہ اور بینک روڈ سے ہوتی ہوئی ہاکی اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے، جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر بھی قومی پرچم لہرا رہے تھے۔

مختلف مقامات پر شہریوں نے ریلی کا شاندار استقبال کیا اور پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔

ریلی میں سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل قافلے نے شرکت کی۔ وادی لیپا ، حویلی ، نیلم وجہلم ویلی کے سرحد وں کے قریب دشمن کی چوکیوں کے سامنے نعرے بازی۔

جیوے جیوے پاکستان ،پاکستان زندہ باد،ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کے نعروں کی گونج ، فلک پوش پہاڑ پاکستان زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھے ۔

وادی لیپا میں پاکستان کے 79 ویں جشن آزادی کے موقع پر یاد گار شہدا اور شمس بری ویو پوائنٹ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انتخابی نتائج میں ردو بدل،خواجہ طارق سعید کی درخواست سماعت کیلئے منظور

شاندار آتش بازی کی گئی ۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی تھے۔تقریب میں عسکری قیادت اور بڑی تعداد سیول سوسائٹی اور نوجوان موجود تھے۔

یاد گار شہدا پر فاتحہ خوانی بھی کی گی ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئی ۔کشمیر بنے گا پاکستان ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کے نعروں سے وادی گونج اٹھی۔

نیلم میں پاکستان کا 79واں یوم آزادی ضلع نیلم میں ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے ملی جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے عزم کے ساتھ منایا گیا۔

آزاد کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی و ریاستی پرچموں کو سلامی پیش کی۔ قومی و ریاستی ترانوں اور ملی نغموں سے تقریب کا ماحول حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوگیا۔

تقریبات میں ضلعی و عسکری حکام، سرکاری ملازمین، طلبہ و طالبات، وکلاء، صحافیوں، تاجران، مقامی نمائندگان اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مقررین نے تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن سے محبت کرنے والے کشمیریوں کی شناخت پاکستان سے جڑی ہوئی ہے، پاکستان اور کشمیر کا رشتہ بلند و بالا ہے اور دونوں کو محبتوں کے رشتے میں مزید مضبوط کیا جائے گا۔

انہوں نے شرکاء سے ہاتھ اٹھا کر عہد لیا کہ پاکستان اور کشمیر کو نفرت نہیں بلکہ محبت کے ذریعے مضبوط بنایا جائے گا۔ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے، پاکستان کے ساتھ ہمارا رشتہ کلمہ اور دل کا رشتہ ہے۔

ایک امت، ایک صدا، پاکستان سے رشتہ کیا۔‘‘مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان کی کامیابی اور پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر پاکستانی سول و عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔