راولاکوٹ ( کشمیر ڈیجیٹل )راولاکوٹ کی علمی تاریخ میں ایک اور روشن اضافہ، ایک اور قابلِ فخر لمحہ رقم ہو گیا۔
چھوٹا گلہ کی باصلاحیت، محنتی اور سنجیدہ ریسرچ کی حامل طالبہ سمیرہ حبیب نے یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ سے پی ایچ ڈی مکمل کر لی۔
اس کامیابی نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے وقار میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔سمیرہ حبیب نے اپنی ڈاکٹریٹ کی تحقیق پیاز (Onion) کے موضوع پر کی۔
پیاز بظاہر ایک عام روزمرہ سبزی سمجھی جاتی ہے مگر عالمی سطح پر یہ فوڈ سسٹم، فوڈ سیکیورٹی، زراعت، پیداوار، بیماریوں کے کنٹرول، سٹوریج مینجمنٹ، سپلائی چین اور فوڈ سائنس ریسرچ میں انتہائی اہم کردار رکھتی ہے۔
دنیا بھر میں پیاز کے حوالے سے سائنسی تحقیق مسلسل جاری ہے سمیرہ کا تحقیقی کام اسی بین الاقوامی ریسرچ چین کا ایک مضبوط اور قابلِ توجہ حصہ بن گیا ۔
یہ تحقیقی کام ممتاز محقق اور علمی شخصیت ڈاکٹر سید دلنواز احمد گردیزی کی براہِ راست سپروژن میں پایۂ تکمیل کو پہنچا سمیرہ کا تعلق چھوٹا گلہ سے ہے۔
وہ چھوٹہ گلہ کی معروف شحصیت سردار حبیب خان کی صاحبزادی ہیں جبکہ معروف قانون دان اور سماجی شخصیت شمائلہ حبیب ایڈووکیٹ کی ہمشیرہ ہیں۔
ان کے گھرانے کا تعلق ہمیشہ سے علم، اخلاق، وقار اور سماجی کردار کے ساتھ رہا ہے۔ سمیرا کی یہ کامیابی اسی تربیت، انہی اقدار، اور حوصلہ افزائی کا تسلسل قرار دی جا رہی ہے
اہلِ علاقہ، علمی و تعلیمی حلقوں نے اس کامیابی کو “Role Model Success” قرار دیا ہے اور اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ یہ نئی نسل خصوصاً خواتین کیلئے نئی سمت، نئی تحریک اور نئی امید کے دروازے کھولے گی۔
سمیرہ حبیب نے یہ ثابت کر دیا کہ موضوع کتنا ہی “سادہ” کیوں نہ ہو، اصل عظمت علم، زاویۂ نظر اور تحقیق میں ہے
پاکستان اور آزاد کشمیر کو ایسے ذہین، نظریاتی اور عملی سائنسدانوں کی شدید ضرورت ہے
آج چھوٹا گلا کی بیٹی نے یہ ثابت کر دیا کہ اس خطے کا علمی ورثہ زندہ ہے، اور یہ روایت آئندہ بھی مزید روشن ہو گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:موسم سرما کی پہلی برفباری، وادی لیپا جانیوالے کئی مسافر برف میں پھنس گئے




