خود انحصاری اور ڈیجیٹل شناخت کی زیادہ آسان اور قابلِ رسائی تصدیق کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے محفوظ کیو آر کوڈ پر مبنی نیا چِپ کے بغیر قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا ہے۔
یہ پولی کاربونیٹ کارڈ نادرا کی تکنیکی اور سیکیورٹی ضروریات کے مطابق نیشنل سیکیورٹی پرنٹنگ کمپنی (NSPC)، کراچی نے پاکستان میں تیار کیا ہے۔
درآمدی مائیکرو چِپ کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ کے استعمال سے بیرونِ ملک سے حاصل کی جانے والی چِپ پر انحصار ختم ہو گیا ہے، جبکہ محفوظ ڈیجیٹل تصدیق کو بھی زیادہ آسان اور مؤثر بنایا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے 23 فروری 2026 کو نئے کارڈ کے اجراء کی منظوری دی تھی۔ نئے کارڈ میں مائیکرو چِپ کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ شامل کیا گیا ہے، جسے پاک آئیڈنٹیٹی (PakID) موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے اسمارٹ فون پر پڑھا اور اس کی تصدیق کی جا سکے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر الیکشن: باغ کے 23پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی تیاریاں مکمل ، الیکشن کمیشن
کیو آر کوڈ میں کارڈ ہولڈر کی متعلقہ شناختی معلومات اور تصویر موجود ہوں گی۔ اس سے مختلف ادارے اپنے کمپیوٹرائزڈ نظام میں نام، پتے اور دیگر مطلوبہ شناختی معلومات زیادہ آسانی اور یکسانیت کے ساتھ درج کر سکیں گے اور ڈیٹا کے اندراج کے دوران ہونے والی غلطیوں میں بھی کمی آئے گی۔
نئے کارڈ پر خاندان نمبر کے ساتھ معذور افراد، بزرگ شہریوں، اعضاء عطیہ کرنے والے افراد اور ریاست آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کے لیے مخصوص نشانات بھی درج ہوں گے۔
کارڈ ہولڈر کا نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہوگا۔ کارڈ کے نظر آنے والے اور پوشیدہ سیکیورٹی فیچرز کو بھی موجودہ تقاضوں اور ملک میں دستیاب تیاری کی صلاحیت کے مطابق جدید بنایا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جشن یوم آزادی :پاکستان کے دفاع کیلئے کشمیری عوام ہر قربانی کیلئے تیار ہیں،دیوان علی چغتائی
چِپ پر مبنی اسمارٹ قومی شناختی کارڈ تقریباً 14 سال قبل متعارف کرایا گیا تھا۔ تاہم عملی طور پر چِپ ریڈرز اور متعلقہ انفراسٹرکچر دستیاب نہ ہونے کے باعث چِپ سے منسلک سہولیات مطلوبہ انداز میں استعمال نہیں ہو سکیں۔
کیو آر کوڈ پر مبنی نیا کارڈ اس عملی رکاوٹ کو دور کرتا ہے کیونکہ اس کی تصدیق عام اسمارٹ فون یا کیمرے سے منسلک مناسب سافٹ ویئر کے ذریعے کی جا سکے گی۔

ٹیلی کام آپریٹرز، بینکوں، ہسپتالوں، پاکستان ریلوے، پولیس اور دیگر مجاز اداروں کو بھی ایسا سافٹ ویئر فراہم کیا جائے گا جس کے ذریعے وہ کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ پڑھ کر اس کی تصدیق کر سکیں گے۔
نیا کارڈ مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں 14 اگست 2026 سے کیو آر کوڈ پرکے ساتھ نیا پولی کاربونیٹ کارڈ ابھی جاری ہونے والے سادہ ٹیسلن میٹریئل والے قومی شناختی کارڈ جو کہ چپ کے بغیر ہے کی جگہ جاری کیا جائے گا۔

جنوری 2027 سے تمام اقسام کے قومی شناختی کارڈز، بشمول قومی شناختی کارڈ برائے بیرونِ ملک پاکستانی (NICOP) اور جووینائل کارڈز، کے لیے بھی یہی نیا کارڈ جاری کیا جائے گا۔ آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ (POC) کو بھی چِپ کے بغیر کیو آر کوڈ پر مبنی نئے کارڈ پر منتقل کر دیا جائے گا۔
پہلے سے جاری شدہ تمام اقسام کے شناختی کارڈ اپنی مقررہ مدتِ میعاد تک بدستور کارآمد رہیں گے۔




