اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا یومِ آزادی پر خصوصی پیغام
صدر استحکام پاکستان پارٹی سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریے اور کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آیا۔ پاکستان نے کئی دہائیوں کے چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور ہر آزمائش میں سرخرو ہوا۔
انہو ں نےکہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور قومی سلامتی کے ادارے ملکی دفاع کے لیے خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے پاکستان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پاکستان محض ایک ملک نہیں، مشیتِ الٰہی کے تحت قائم ہونے والی نظریاتی ریاست ہے۔
سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہ اکہ بھارت کی ہر جارحیت کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا، دشمن کو اس کی اوقات یاد دلائی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جشن یوم آزادی :پاکستان کے دفاع کیلئے کشمیری عوام ہر قربانی کیلئے تیار ہیں،دیوان علی چغتائی
سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ صدرِ پاکستان اور وزیراعظم پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی آزادکشمیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں عالمی امن کے لیے ہمیشہ صفِ اول میں کردار ادا کرتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری کے سامنے ہر اہم معاملے پر اپنا مؤقف جرات اور بھرپور انداز میں پیش کیا۔ عالمی معاملات میں پاکستان کو قیادت کے لیے مدعو کیا جانا ہماری سفارتی اہمیت اور کامیابی کا اعتراف ہے۔
سابق وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہمیں اپنی قوم، اپنی فوج اور اپنے وطن پر فخر ہے۔ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں، کشمیر پاکستان کے بغیر اور پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے۔
سردار تنویر الیاس خان کا مزید کہنا تھا کہ تکمیلِ پاکستان کشمیر کے پاکستان کا حصہ بننے سے ہوگی۔ کشمیری تکمیلِ پاکستان کی جدوجہد کو اپنی منزل کے حصول تک جاری رکھے ہوئے ہیں۔




