حویلی کہوٹہ:آزادکشمیر میں جنگلات میں ہونیوالی تعمیرات کیخلاف ایکشن شروع کردیا ، حویلی کہوٹہ کی یونین کونسل بھیڈی کے علاقے میں جنگلات کی اراضی پر تعمیر کئے گئے ایک غیر قانونی مکان کو مسمار کر دیا۔
کارروائی محکمہ مال اور پولیس کی معاونت سے عمل میں لائی گئی، جس کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
رینج آفیسر شفیع کیانی نے گفتگو میں بتایا کہ محکمہ جنگلات کو سوشل میڈیا کے ذریعے اس غیر قانونی تعمیر کی مصدقہ شکایت موصول ہوئی تھی، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ٹیم تشکیل دی گئی اور موقع پر جا کر کارروائی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات اپنی زمینوں کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمی برداشت نہیں کرے گا، چاہے وہ تعمیر ہو یا قبضہ۔
شفیع کیانی نے کہا کہ عوام الناس محکمہ جنگلات کے ساتھ تعاون کریں اور جنگلاتی زمینوں کو محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے محکمہ جنگلات کا اہم اقدام: رینج آفیسر کامران خالق معطل
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہرے درختوں کی کٹائی قانوناً جرم ہے، اور صرف خشک لکڑی کے استعمال کی اجازت ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
رینج آفیسر نے مقامی ٹیچر عثمان کے ماحولیاتی اقدامات کو بھی سراہا، جنہوں نے علاقے میں شجر کاری مہم اور پانی ذخیرہ کرنے کے نظام کو فروغ دیا ہے۔
یاد رہے کہ آزادکشمیر بھر میں جنگلات کی اراضی پر قبضے کرکے مکان تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ دوسری طرف جنگلات کے کٹائو کی وجہ سے خطہ شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے۔
محکمہ جنگلات کے حکام کو جنگلات کی اراضی پر قبضوں کیخلاف بلاتخصیص ایکشن لینا ہوگا تاکہ اس قیمتی خزانے کو محفوظ بنایا جا سکے۔




