امید نو کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا، ہر شہر، گائوں میں جدید سہولیات فراہم کرینگے،وزیراعظم انوارالحق

اسلام آباد :وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ 8اکتوبر2005کے سانحہ میں عالمی برادری نے زلزلہ میں انسانی ہمدردی کے تحت ایک ایسا مثالی کردار ادا کیاجس نے پاکستانی قوم اور کشمیری عوام کے دل جیت لیے۔

ہمیں امید نو کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا اور قدرتی آفات سے نمٹنے اور نقصان کو کم سے کم کرنے کیلئے آگاہی فراہم کرنا ہوگی ، ہم آزادکشمیر کے ہر شہر اور گاؤں میں جدید سہولیات فراہم کرینگے۔

8اکتوبر کے زلزلہ کی برسی پر اپنے پیغام میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ جن ممالک نے اس سانحہ میں ہماری مدد کی ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ 08اکتوبر کو آنے والے زلزلے کے بعد حکومت پاکستان اور پاکستانی قوم اس سانحہ کی تباہ کاریوں سے پیدا ہونے والے حالات سے مقابلہ کرنے کیلئے ایک ایسی زنجیر بن گئی جس کی وجہ سے ہمارے حوصلے بڑھے اور ناممکن کام ممکن ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کے مستعفی ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، قریبی ذرائع

انہوں نے کہا کہ اجڑی بستیاں آبادیوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ کھنڈرات کا منظر پیش کرنے والی سڑکوں کی جگہ شاہرات نے لے لی ہے۔ تعلیمی اداروں کی عمارتیں تیار ہو چکی ہیں

صحت کے شعبہ میں بیرونی ممالک کے تعاون سے ہسپتالوں اور کئی دوسرے مراکز کی تعمیر مکمل جب کہ ایسے کئی پراجیکٹ کی تعمیر عالمی معیار کے مطابق ہو رہی ہے اور جدید طبی سہولتیں اور رسل و رسائل کیلئے بین الاقوامی معیارکی شاہرات تعمیر کی گئی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں پہنچانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ان سب تعمیراتی سرگرمیوں میں تعمیر نو پر مامور قومی اداروں نے ایک مثالی کردار ادا کیا ہے،آزادکشمیر کے ہر شہر اور گاؤں میں جدید سہولیات فراہم کرینگے۔

Scroll to Top