لاہور: اگلے سال ٹی 20ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے کپتان سلمان علی آغا کی تبدیلی پر غور شروع کر دیا جبکہ ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی واپسی کا بھی امکان ہے۔
سلمان علی آغا ایشیا کپ میں خراب بیٹنگ اور ناقص کپتانی کے باعث تنقید کی زد میں رہے۔
ٹی 20کپتان نے ایشیا کپ کی 7 اننگز میں 12 کی اوسط اور 80 کے اسٹرائیک ریٹ سے صرف 72 رنز بنائے جبکہ اہم مواقعوں پر وکٹ گنوائی۔
ذرائع کے مطابق ٹی 20کپتان سلمان علی آغا کے مستقبل پر سوال کھڑا ہوگیا ہے، قومی سلیکٹرز نے ٹی 20ورلڈ کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے سلمان علی کی تبدیلی پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہناہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے اسکواڈز پر مشاورت شروع ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آخری اوورز میں اچھا نہیں کھیل سکے، کپتان سلمان علی آغا کا اعتراف
ذرائع کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20اور ون ڈے سیریز کے لیے بھی ٹیم میں 2 سے 3 تبدیلیاں متوقع ہیں، سینئر کھلاڑیوں کی واپسی اور نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کا بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف 3 ٹی 20اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز شیڈولڈ ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ٹی 20میچز کی سیریز کا پہلا میچ 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز بھی ہوں گے۔




