2035 تک کرکٹ کے بڑے مینز ایونٹس کے شیڈول ،میزبان وینیوز کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2035 تک مینز کرکٹ کے بڑے عالمی ایونٹس کے شیڈول اور میزبان ممالک سے متعلق اہم اعلان کردیا ہے۔ 

آئی سی سی بورڈ نے انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونیوالے اجلاس کے دوران 2028 سے 2035 تک مختلف بڑے ٹورنامنٹس کی تاریخوں کی منظوری د یدی، جس کے بعد عالمی کرکٹ کے آئندہ برسوں کا شیڈول سامنے آگیا ہے۔

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق 2028 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 12 اکتوبر سے 12 نومبر تک کھیلا جائے گا، جبکہ 2029 کا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل 8 سے 12 جون تک انگلینڈ میں ہوگا۔

 اسی سال چیمپئنز ٹرافی 9 سے 28 اکتوبر تک بھارت میں منعقد کی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق 2030 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں 4 جولائی سے 4 اگست تک کھیلا جائے گا۔

 2031 کا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل 12 سے 16 جون تک انگلینڈ میں ہوگا، جبکہ اسی سال ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور بنگلہ دیش مشترکہ طور پر کریں گے۔ یہ ٹورنامنٹ 9 اکتوبر سے 23 نومبر تک شیڈول ہے۔

آئی سی سی کے مطابق 2032 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 14 اکتوبر سے 14 نومبر تک ہوگا، جبکہ 2033 کا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل 9 سے 13 جون اور چیمپئنز ٹرافی 2 سے 23 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ 2032 سے 2035 تک بعض عالمی ایونٹس کے میزبان ممالک کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ آئی سی سی کے اس فیصلے کو عالمی کرکٹ کے مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔