مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل )آزاد جموں و کشمیر انٹر میڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ میرپورکی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیاہے کہ
گزشتہ دو دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ آزاد جموں وکشمیر تعلیمی بورڈ میر پور اپنے علاقائی رابطہ دفاتر (مظفر آباد،راولاکوٹ) کی بطور علاقائی رابطہ دفتر حیثیت ختم کرنے جا رہا ہے۔
ترجمان تعلیمی بورڈ میر پور کے مطابق سوشل میڈیا پر اس ضمن میں گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہیں۔
ترجمان تعلیمی بورڈ میر پور کے مطابق آزاد جموں و کشمیر تعلیمی بورڈ میر پور کا بنیادی مقصد ریاست بھر کے طلبہ و طالبات کا ٹرانسپیرنٹ امتحان لینا اور شفاف نتائج دینے کے ساتھ ساتھ عصر حاضر کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے طلبہ و طالبات کو گھر کی دہلیز پر سہولیات مہیا کرنا ہے۔
ترجمان بورڈ کے مطابق تعلیمی بورڈ نے اپنی زیادہ تر سروسز آن لائن کر دی ہیں اور فیس جمع کروانے کے طریقہ کار کو بھی مزید وسعت دیتے ہوئے دن بل انوائس، جاز کیش اور ایزی پیسہ کے ذریعے رقم جمع کروانے کا نظام متعارف کروا دیا ہے۔
تعلیمی بورڈ میر پورریاست بھر کے طلبہ و طالبات کیلئے مستقبل قریب میں امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے جا رہا ہے۔
ترجمان بورڈ کے مطابق جملہ سٹیک ہولڈرز تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ کو روزانہ کی بنیاد پر وزٹ کرنے کے علاوہ امتحانی نظام میں مزید اصلاحات کی خاطر موثر اور قابل عمل تجاویز دیتے ہیں جن کو پذیرائی دی جاتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں: آزاد حکومت کو1 ارب 70 کروڑ کا منافع مگر سوشل پروٹیکشن پروگرام شروع ہونے کے امکانات معدوم




