چکوٹھی:ہلال احمر نے 20 مرد و خواتین کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تربیت دیدی

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل) ہلال احمر آزاد کشمیر اسٹیٹ برانچ کے زیر اہتمام، انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز اور برٹش ریڈ کراس (BRC) کے تعاون سے ضلع جہلم ویلی کے علاقے چکوٹھی میں چار روزہ ایمرجنسی ریسپانس ٹیم ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں 20 مرد و خواتین نے شرکت کی۔

گورنمنٹ سرور شہید بوائز ہائی سکول چکوٹھی میں منعقدہ تربیتی ورکشاپ کا مقصد ضلع جہلم ویلی، بالخصوص چکوٹھی اور ملحقہ علاقوں میں حادثات، قدرتی آفات، ہنگامی صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر کراس بارڈر فائرنگ و شیلنگ کے دوران مقامی ریسپانڈرز کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور مؤثر ایمرجنسی ریسپانس میکنزم تیار کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں ہلال احمر اور ایس ڈی ایم اے کی مشترکہ ہنگامی مشقیں

ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں سیکرٹری ہلال احمر آزاد کشمیر محترمہ گلزار فاطمہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز اور برٹش ریڈ کراس کے تعاون سے لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں میں اب تک چھ ایمرجنسی تربیتی ورکشاپس منعقد کی جا چکی ہیں، جن کے ذریعے 140 مرد و خواتین کو ہنگامی حالات، قدرتی آفات سے نمٹنے، پیشگی تیاری اور مؤثر ریسپانس سے متعلق تربیت فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم ویلی کو مختلف حادثات، قدرتی آفات اور سیلاب جیسی صورتحال کا سامنا رہتا ہے، اسی تناظر میں حال ہی میں لیپہ میں بھی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ لائن آف کنٹرول کے قریب آباد لوگوں کو درپیش مشکلات دیگر علاقوں سے مختلف ہیں، اس لیے ان تربیتی پروگرامز کا بنیادی مقصد مقامی افراد کو اس قابل بنانا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں وہ فوری طور پر ابتدائی امداد اور ریسکیو کی کارروائیاں انجام دے سکیں اور قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنا سکیں۔

سیکرٹری ہلال احمر نے تربیت حاصل کرنے والے شرکاء پر زور دیا کہ وہ دورانِ تربیت حاصل ہونے والے علم اور مہارتوں کو اپنے محلوں، تعلیمی اداروں اور برادری تک منتقل کریں، کیونکہ ایک تربیت یافتہ فرد پورے علاقے کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع جہلم ویلی میں خطرات سے آگاہی اور محفوظ رویوں کے فروغ کے پروگرام کے تحت لوگوں کو پھٹنے والے دھماکہ خیز مواد سے محفوظ رہنے، مشتبہ اشیاء سے دور رہنے اور محفوظ راستوں کے انتخاب سے متعلق بھی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

گلزار فاطمہ نے امید ظاہر کی کہ تربیت حاصل کرنے والے افراد مقامی سطح پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے دیگر لوگوں میں بھی شعور اور آگاہی پیدا کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز، برٹش ریڈ کراس اور نیشنل ہیڈ کوارٹر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

چار روزہ تربیتی ورکشاپ کے دوران شرکاء کو ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ تحریک کے تاریخی پس منظر، بنیادی اصولوں، وژن، مشن، ہلال احمر کے جاری پروگرامز اور انسانی خدمت کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔

تربیت کے دوران ایمرجنسی ریسپانس، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، پری ہاسپٹل کیئر، ابتدائی طبی امداد، گلے میں کسی چیز کے پھنس جانے، جلنے کی صورت میں فوری اقدامات، ہارٹ اٹیک کی صورت میں سانس اور خون کی روانی بحال کرنے کے طریقوں، زخمیوں کی محفوظ منتقلی اور مقامی خطرات سے نمٹنے کے حوالے سے عملی تربیت دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:موسمیاتی تبدیلیاں صدی کا سب سے بڑا چیلنج ہیں، سیکرٹری ہلال احمر

ورکشاپ کے آخری روز عملی مشقوں کا بھی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ہنگامی حالات میں فوری طبی امداد، مریضوں کی ہسپتال منتقلی، سرچ اینڈ ریسکیو، ہنگامی انخلاء اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے و تعاون کے طریقہ کار کی مشقیں شامل تھیں۔

تقریب کے اختتام پر سیکرٹری ہلال احمر آزاد کشمیر گلزار فاطمہ نے تربیت مکمل کرنے والے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جبکہ انہیں ایمرجنسی ریسپانس کٹس بھی فراہم کی گئیں۔